کھیل

حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ یکم نومبر کو لینے کی درخواست

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ انگلینڈ میں کرانے کی درخواست کی ہے۔
|

پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) سے محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ انگلینڈ میں کرانے کی درخواست کی ہے۔

سری لنکا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں محمد حفیظ کا ایکشن مشکوک رپورٹ کیا گیا تھا اور آئی سی سی قوانین کے تحت ایکشن رپورٹ ہونے کے 14 دن کے اندر انہیں اپنے ایکشن کا ٹیسٹ کروانا ہو گا۔

ون ڈے سیریز میں تو حفیظ کو باؤلنگ کرنے کی اجازت تھی لیکن ٹی20 سیریز میں ان کی شرکت مشکوک نظر آنے کے پیش نظر پی سی بی نے آئی سی سی سے درخواست کردی ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ محمد حفیظ کو سری لنکا کے خلاف تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز کھلانے کی خواہش مند ہے اور اسی لیے بورڈ نے آئی سی سی کو ای میل کرکے یکم نومبر کو انگلینڈ میں حفیظ کے باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ کی درخواست کی ہے۔

مزید پڑھیں: حفیظ کا باؤلنگ ایکشن پھر مشکوک رپورٹ

آئی سی سی کی جانب سے تاحال حفیظ کی ای میل کا کوئی جواب نہیں آیا لیکن پی سی بی کو ایک سے دو دن میں مثبت جواب کی امید ہے۔

واضح رہے کہ 50 ٹیسٹ، 193 ایک روزہ اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد حفیظ کو 2014 سے باؤلنگ ایکشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

حفیظ کا باؤلنگ ایکشن پہلی مرتبہ 2014 میں رپورٹ ہوا تھا اور اس کے بعد مسلسل مسائل کے بعد انہیں ایک سال تک باؤلنگ پر پابندی کا سامنا بھی رہا لیکن گزشتہ سال کے آخری میں پابندی سے چھٹکارا حاصل کرنے والے 37 آل راؤنڈر کا ایکشن ایک مرتبہ پھر رپورٹ ہو گیا ہے۔