پاکستان

لاہور: ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے خواجہ سراؤں سے مدد لینے کا فیصلہ

ٹریفک آگاہی مہم کے لیے خواجہ سراؤں سے مدد لینے کے لیے پورا طریقہ کار اختیار کیا جارہا ہے،سی ٹی او لاہور

شہر لاہور کی بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹریفک پولیس نے خواجہ سراؤں سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا۔

فیصلے کے تحت اب لاہور کی سڑکوں پر ٹریفک وارڈنز کے ہمراہ خواجہ سرا بھی ٹریفک آگاہی مہم چلائیں گے۔

ٹریفک پولیس افسران کے مطابق اس ضمن میں خواجہ سراؤں کی رجسٹریشن اور طریقہ کار طے کیا جا رہا ہے۔

سی ٹی او لاہور رائے اعجاز احمد نے کہا کہ ٹریفک آگاہی مہم کے لیے خواجہ سراؤں سے مدد لینے کے لیے پورا طریقہ کار اختیار کیا جارہا ہے، خواجہ سرا اداکاری کے ذریعے آگاہی مہم چلا سکتے ہیں جو انتہائی موثر ثابت ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خواجہ سراؤں کو مردم شماری میں شامل کرنے کا حکم

فیصلے سے متعلق خواجہ سراؤں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر طرح کا کام کر سکتے ہیں اور اگر نوکری مل جائے تو انہیں اور کچھ نہیں چاہیے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کا خواجہ سراؤں کی مدد سے ٹریفک کا نظام بہتر بنانے کا فارمولا کس حد کامیاب ہوتا ہے یہ آنے والا وقت بتائے گا۔