راولپنڈی کی لذیذ کھیر ہر موسم میں دستیاب
چاہے دوپہر کا کھانا ہو، یا رات کا، زیادہ تر لوگ اپنے کھانے کے بعد ہمیشہ میٹھا کھانے کے لیے تیار رہتے ہیں اور برصغیر میں میٹھے کی کئی اقسام میں سے کھیر ایک ایسی سوئیٹ ڈش ہے جو ہمیشہ لوگوں کو پسند آتی ہے۔
کھیر چاول، چینی اور دودھ سے بنائی جاتی ہے، جسے بعد ازاں بادام، پستے، زعفران اور چاندی کے ورق سے سجایا جاتا ہے۔
برصغیر میں مسلم اور ہندو برادری کی خاص تقریبات کے دوران کھیر ضرور بنائی جاتی ہے، ویسے تو اس ڈش کو قدیم زمانے سے کھایا جارہا ہے، تاہم مغلیہ دور میں کھیر کو میوہ جات اور چاندی کے ورق کے ساتھ پیش کرنا شروع کیا گیا۔
مزید پڑھیں: گرمیوں میں آم کھیر گھر پر بنائیں
گزشتہ 10 سال سے پاکستان کے بہت سے ریسٹورنٹس کے مینیو میں کھیر بھی شامل کی جارہی ہے، جبکہ کئی دودھ کی دکانوں پر بھی کھیر فروخت کی جاتی ہے، اس کے ساتھ ساتھ ربڑی، کھویا، مکھن اور گھی بھی ان دکانوں پر دستیاب ہوتا ہے۔
ایسی ہی ایک دکان راولپنڈی کے علاقے بھابرا بازار میں قدیم دور سے موجود ہے، جہاں پورے سال تازہ کھیر تیار کی جاتی ہے۔