پاکستان

سندھ کے لوگ آصف زرداری اور فریال تالپور سے پریشان ہیں، عمران خان

سندھ کا حال ملک میں سب سے برا ہے اور یہاں کے لوگ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے تنگ ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی

سیہون: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا دعویٰ ہے کہ سندھ کا حال ملک میں سب سے برا ہے اور یہاں کے لوگ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سے تنگ ہیں۔

سیہون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری دینی تھی تاہم مجھے جانے نہیں دیا گیا اور ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کسی کو مزار پر حاضری دینے سے روکا گیا ہو۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پیپلز پارٹی کے جلسوں کے لیے دور دراز سے لوگوں کو لایا جاتا ہے اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ آئندہ الیکشن میں پی پی پی کو شکست ہوگی۔

عمران خان نے الزام لگایا کہ سندھ میں کسی قسم کی آزادی نہیں اور لوگوں کو غلام بنایا جارہا ہے جبکہ سندھ پولیس کی مدد کے بغیر پی پی پی ایک سیٹ بھی نہیں جیت سکتی کیونکہ یہ پولیس کے ذریعے لوگوں کو خوفزدہ کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: حکومت آئی توسندھ میں پہلے پولیس کا نظام ٹھیک کروں گا،عمران خان

انہوں نے کہا کہ سندھ کی پولیس ٹھیک ہوجائے تو صوبے کے عوام کا خوف ختم ہوجائے گا۔

عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تحریک انصاف کی سندھ میں مہم شروع ہوچکی ہے، ’روک سکو تو روک لو‘۔

حکمراں جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت نے خود اداروں کے سربراہوں کو تعینات کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی امیدیں آزاد عدلیہ پر ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ المیہ یہ ہے کہ شاہد خاقان عباسی نااہل شخص کو اپنا وزیراعظم مانتے ہیں اور وزیراعظم ملک کے کرپٹ انسان کے ساتھ ملے ہوئے ہیں جبکہ یہ قیامت کی نشانی ہے کہ آصف زرداری کہہ رہے ہیں نواز شریف کو گرفتار کرو۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر الزام لگایا کہ نااہل وزیراعظم 300 ارب روپے پاکستان سے باہر لےکر گیا۔

ان کا دعویٰ تھا کہ اس بار پاکستان کے عوام کسی این آر او کو نہیں مانیں گے اور پورے پاکستان کو سڑکوں پر نکالوں گا جبکہ کسی قسم کے مک مکا کو تسلیم نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 'عمران خان جلد کرکٹ کی طرح سیاست بھی سیکھ لیں گے'

ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ بانی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے علیحدگی کے بعد ہی متحدہ کا کوئی مستقبل ہے۔

گذشتہ روز سیہون میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے سابق صدر آصف علی زرداری پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کی وکٹ گر گئی ہے اور اب زرداری کی باری ہے، سندھ میں حکومت آئی تو سب سے پہلے پولیس کے نظام کو ٹھیک کروں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بڑی تبدیلی آرہی ہے اور قوم کومل کرکرپٹ مافیا کوشکست دینا ہوگی، نوازشریف کے بعد ابھی اوربھی بہت لوگ کہیں گے کہ ہمیں کیوں نکالا۔