لائف اسٹائل

’سیکریٹ سپر اسٹار‘ ریلیز

عامر خان کی فلم کو ریلیز ہونے سے پہلے ہی بولی وڈ اداکار، پروڈیوسرز اور تنقید نگار سال کی بہترین فلم قرار دے چکے۔

بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کو ریلیز کردیا گیا۔

’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کو بھارت اور پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ایک ساتھ ریلیز کیا گیا ہے۔

عامر خان کی اس فلم کا لاکھوں شائقین کو کئی ماہ سے انتظار تھا، جب کہ خود عامر خان ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کو ’دنگل‘ سے بڑی فلم قرار دے چکے ہیں۔

خیال رہے کہ عامر خان کی گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’دنگل‘ نہ صرف ان کی بلکہ بولی وڈ کی بھی اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے

یہ بھی پڑھیں: 'سیکریٹ سپر اسٹار‘ سال کی سب سے بہترین فلم'

’دنگل‘ نے دنیا بھر سے 2 ہزار کروڑ روپے بٹورے ہیں، اور ابھی تک اس کی کمائی کا سلسلہ جاری ہے۔

’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کی کہانی ایک کم عمر مسلمان لڑکی کے گلوکارہ بننے کے گرد گھومتی ہے، جس کے والد نہیں چاہتے کہ وہ گائکی کی دنیا میں جائے، لیکن ان کی والدہ انہیں سپورٹ کرتی ہیں۔

عامر خان ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ میں ایک فلرٹ موسیقار کے روپ میں نظر آئیں گے، جو گلوکارہ بننے کی خواہش مند مسلم لڑکی کو ایک چانس بھی دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’دنگل‘ ٹیم کے لیے ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کی اسکریننگ

فلم کی مرکزی اداکارہ عامر خان کی فلم ’دنگل‘ کی اداکارہ زارا وسیم ہیں۔

فلم نے ریلیز کے پہلے دن اتنا خاص بزنس نہیں کیا، کیوں کہ بھارت میں ’دیوالی‘ کی وجہ سے لوگ مذہبی عبادات اور رسومات میں مصروف رہے۔

تاہم پھر بھی ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ نے چند بھارتی ریاستوں میں اچھا بزنس کیا۔