پاکستان

ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے 8 افراد زخمی

ہندوستانی فورسز نے صبح ساڑھے 6 بجے نکیال سیکٹر پر فائرنگ کا آغاز کیا اور سویلین آبادی کو نشانہ بنایا گیا، پولیس حکام
Welcome

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہندوستانی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

ضلع کوٹلی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) چوہدری ذوالقرنین سرفراز نے بتایا کہ ہندوستانی فورسز نے صبح ساڑھے 6 بجے نکیال سیکٹر پر فائرنگ کا آغاز کیا اور سویلین آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'فائرنگ بہت شدید تھی'، جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔

ضلع کوٹلی کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طارق محمود نے بتایا کہ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہری جاں بحق

ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

گذشتہ ہفتے 14 اکتوبر کو بھی بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی،ایل اوسی فائرنگ پراحتجاج

اس سے قبل 4 اکتوبر کو بھی بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔