افغانستان: ٹریننگ سینٹر پر حملے میں پولیس چیف سمیت 32 ہلاک
ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری کار کو دھماکے سے اڑایا، حملے میں 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے، افغان حکام
کابل: افغانستان کے جنوب مشرقی صوبے پکتیا میں قائم پولیس ٹریننگ سینٹر پر ہونے والے خود کش حملے اور مسلح جھڑپ کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق صوبہ پکتیا کے دارالحکومت گردیز کے پبلک ہیلتھ ڈائریکٹر ہدایت اللہ حمدانی نے بتایا کہ ’ہلاک ہونے والوں میں خواتین، طلباء اور پولیس اہلکار شامل ہیں‘۔
دوسری جانب طلوع نیوز کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی حکام نے تصدیق کی کہ گردیز میں ہونے والے خود کش بم دھماکے میں پکتیا صوبے کے پولیس چیف طوریالانی عبدیانی بھی ہلاک ہوگئے۔
مزید پڑھیں: نئے امیر کی قیادت میں افغان طالبان کا پہلا بڑا حملہ
افغان میڈیا نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ حملے میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے۔