لائف اسٹائل

کرن جوہر کا اکشے،رنبیر اورعالیہ کے ساتھ فلم بنانے کا اعلان

اکشے کمار فلم ساز کی آنے والی فلم میں خیبرپختونخوا میں انگریزوں کے ساتھ لگنے والی جنگ کے ہیرو کے روپ میں نظر آئیں گے۔

ویسے تو کئی عرصے سے یہ خبریں بھی گردش میں ہیں کہ بولی وڈ فلم ساز کرن جوہر جلد ہی اپنی آنے والی کسی فلم کے ذریعے نئے چہرے بھی متعارف کرائیں گے۔

تاہم اب تک کرن جوہر کی جانب سے ایسا کوئی اعلان سامنے نہیں آسکا، اور اب یہ خیال کمزور ہوتا جا رہا ہے کہ وہ شاید ہی نئے چہروں کے ساتھ کوئی فلم بنائیں۔

لیکن اس خبر سے ہٹ کر اچھی خبر یہ ہے کہ کرن جوہر نے اپنی ہوم پروڈکشن ’دھرما‘ کے تحت 2 الگ اور بڑی فلمیں بنانے کا اعلان کردیا۔

’دھرما پروڈکشن‘ کے تحت بننے والی دونوں فلموں میں کرن جوہر کو مختلف پارٹنزر کی معاونت بھی حاصل رہے گی۔

کرن جوہر ایک فلم اکشے کمار کی مدد سے بنانے جا رہے ہیں، جس میں مرکزی کردار بھی خود کھلاڑی ہیرو کرتے نظر آئیں گے۔

ٹوئٹر پر شیئر کیے گیے ٹوئیٹ میں کرن جوہر کا کہنا تھا کہ وہ اکشے کمار کے ساتھ ایک تاریخی فلم ’کیساری‘ بنانے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرن جوہر نے نئی فلم بنانے کا اعلان کردیا

ٹوئیٹ میں بتایا گیا کہ ’کیساری‘ کی کہانی سرگڑھی میں لڑی جانے والی جنگ کے گرد گھومے گی۔

خیال رہے کہ سرگڑھی کی جنگ برطانوی ہندوستان میں 18 ویں صدی کے اختتام پر پاکستانی علاقے نارتھ ویسٹ فرنٹیئر پوسٹ (این ڈبلیو ایف پی) حالیہ خیبرپختونخواہ صوبے میں سکھوں اور انگریزوں کے درمیان لڑی گئی تھی۔

اب اس واقعے پر کرن جوہر اور اکشے کمار مل کر ’کیساری‘ فلم بنائیں گے، جس میں مرکزی کردار بھی خود کھلاڑی ہیرو ادا کریں گے۔

ہدایت کار انوراگ سنگھ کی اس فلم کو آئندہ برس ہولی کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: رنبیرکپورکی کرن جوہر کے ساتھ اگلی فلم کون سی؟

’کیساری‘ کی دیگر کاسٹ اور ہیروئن کے حوالے سے تاحال کوئی اعلان سامنے نہیں آسکا۔

علاوہ ازیں کرن جوہر نے ٹوئٹر پر ہی دوسری رومانٹک ٹریولنگ فلم ’براہمسترا‘ بنانے کا بھی اعلان کیا۔

’براہمسترا‘ کو کرن جوہر کی ’دھرما پروڈکشن‘، فاکس اسٹار اسٹوڈیوز اور نمت ملہوترا کے تعاون سے بنائے گی۔

ایڈونچر اور محبت کے گرد گھومنے والی اس فلم میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ رومانس کرتے نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 'ضروری نہیں کہ کرن جوہر کی ہر فلم سائن کریں'

اس فلم کی خاص بات یہ ہوگی کہ اس میں امیتابھ بچن بھی ہوں گے۔

ہدایت کار ایان مکھرجی کی اس فلم کو اگست 2019 میں ریلیز کیا جائے گا۔