شاداب، بابر کی عمدہ کارکردگی، سری لنکا کو 32 رنز سے شکست
پاکستان نے بابر اعظم اور شاداب خان کی شاندار کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میچ میں رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
ابوظہبی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔
پاکستان کو پہلا نقصان 17 کے اسکور پر اس وقت پہنچا جب فخر زمان 11 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، احمد شہزاد کی ناکامیوں کا سلسلہ جاری رہا اور ان کی اننگز بھی صرف آٹھ رنز تک محدود رہی۔
محمد حفیظ نے چھکا لگا کر اعتماد ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن اگلی ہی گیند پر گماگے کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔
تین وکٹیں گرنے کے بعد گزشتہ میچ کے ہیرو شعیب ملک کی وکٹ پر آمد ہوئی لیکن اس مرتبہ ان اننگز بھی 11 رنز سے آگے نہ بڑھ سکی جبکہ مشکل موقع پر کپتان سرفراز احمد ایک مرتبہ پھر ٹیم کو منجھدار میں چھوڑ کر پویلین لوٹے تو قومی ٹیم 79 رنز پر پانچ وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔
پانچ وکٹیں گرنے کے بعد عماد وسیم کی میدان آم ہوئی اور انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی ہی تھی کہ وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں عماد آؤٹ قرار پائے۔