سائنس و ٹیکنالوجی

ٹوئٹر کا پالیسیاں مزید سخت کرنے کا اعلان

فحش، پرتشدد، جنسی ہراسگی اور کسی کو تکلیف پہنچانے والے مواد کی روکتھام کے لیے فیصلہ کیا گیا۔ سی ای او

ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جیک ڈورسی نے اعلان کیا ہے کہ وہ پرتشدد، نازیبا، فحش اور کسی کو تکلیف پہنچانے کا باعث بننے والے ٹوئیٹس کی روک تھام کے لیے پالیسیاں مزید سخت کریں گے۔

جیک ڈورسی نے یہ اعلان اس مہم کے بعد کیا ہے جس میں خواتین کی جانب سے ’ویمن ٹوئٹر بائکاٹ‘ مہم کا آغاز کیا گیا تھا۔

خواتین کی جانب سے اس مہم کا آغاز ہولی وڈ اداکارہ روز میکگواں کی کال پر کیا گیا تھا۔

روز میکگواں نے ٹوئٹر کے بائیکاٹ کی کال اس وقت دی، جب ٹوئٹر نے عارضی طور پر ان کا اکاؤنٹ معطل کردیا تھا۔

توئٹر نے روز میکگواں کا اکاؤنٹ اس وقت معطل کیا جب انہوں نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کسی شخص کا ذاتی فون نمبر شیئر کیا تھا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ روز میکگواں نے ممکنہ طور ہر ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کے خلاف ٹوئیٹ کیا تھا، جس میں انہوں نے ان کا فون نمبر بھی دیا ہوگا۔

ہاروی وائنسٹن نے اداکارہ روز میکگواں سمیت کم سے کم 22 اداکاراؤں او خواتین کو 1980 سے 2016 تک مبینہ طور پر جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا تھا۔

روز میکگواں نے فلم پروڈیوسر کے خلاف اور بھی سلسلہ وار ٹوئیٹ کیے تھے، لیکن بعد ازاں انہوں نے فون نمبر والا ٹوئیٹ ڈیلیٹ کردیا، جس کے بعد ان اکاؤنٹ بھی بحال کردیا گیا تھا۔

اپنے اکاؤنٹ کی عارضی معطلی کے بعد روز میکگواں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کے بائکاٹ کی کال دی۔

یہ بھی پڑھیں: خواتین کی ٹوئٹر بائکاٹ مہم

یورپی اور امریکی ممالک کی ہزاروں خواتین نے روز میکگواں کی کال پر ویمن ٹوئٹر بائکاٹ مہم کے ہیش ٹیگ کا استعمال کیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے ٹرینڈ بن گیا۔

خواتین نے 24 گھنٹے کے لیے ٹوئٹر کا بائکاٹ کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے رد عمل میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کے سی ای او جیک ڈورسی نے سلسلہ وار 8 ٹوئیٹ کیے۔

مزید پڑھیں: ٹوئٹر کا صارفین کیلئے تحفہ

جیک ڈورسی نے ٹوئیٹس میں بتایا کہ انہوں نے ویب سائٹ پر پرتشدد، کسی کی دل آزاری کا سبب بنے والے، جنسی، فحش اور نازیبا ٹوئیٹس کو روکنے کے لیے مزید سخت پالیسیاں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے ٹوئیٹس میں کہا کہ انہوں نے ویب سائٹ کی پالیسی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے ہیں، جن پر عمل کرانے کے لیے وہ جرئتمندی سے اقدامات اٹھائیں گے۔

جیک ڈورسی نے بتایا کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے سخت پالیسیاں بنانے پر کام کر رہے تھے، تاہم آج انہوں نے چند اہم فیصلے کرلیے ہیں، جن کا اعلان آئندہ چند دنوں میں کردیا جائے گا۔