پاکستان

کوئٹہ میں فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق

فقیر محمد روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے پیٹرولنگ پولیس پر فائرنگ کردی، جس میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے، پولیس

صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے فقیر محمد روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے فقیر محمد روڈ پر پیٹرولنگ کرنے والے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا جس کی شناخت علی محمد کے نام سے ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: فائرنگ سے ہزارہ برادری کے افراد سمیت 5 جاں بحق

پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے ایک بچہ اور دو پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو علاج کے لیے کوئٹہ کے سول ہسپتال منتقل کیا۔

پولیس نے جائے وقوع سے شواہد جمع کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

پولیس کے جاری بیان کے مطابق مسلح افراد واقعے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: اسکول بس کے قریب دھماکا، ڈرائیور زخمی

خیال رہے کہ حالیہ کچھ سالوں میں بلوچستان میں دہشت گردی، فرقہ وارانہ اور دیگر جرائم کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے جس میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اس حوالے سے صوبائی حکومت متعدد مرتبہ یہ دعویٰ کرچکی ہے کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘، افغانستان کی خفیہ ایجنسی ’این ڈی ایس‘ کے ساتھ مل کر پاکستان کو غیر مستحکم بنانے کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے ساحلی پورٹ شہر گوادر سے متعدد راستوں کے ذریعے چین سے تجارت بڑھانے کے لیے پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے پر کام جاری ہے جس کے تحت بلوچستان سمیت دیگر صوبوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں، اس منصوبے کے حوالے سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ خطے اور خاص طور پر پاکستان میں معاشی تبدیلی کا باعث ہوگا۔