لائف اسٹائل

اسرائیلی اداکارہ نازی جرمنی کے مظالم پر بننے والی فلم میں کاسٹ

گال گدوت جنگ عظیم دوئم کے دوران ایڈولف ہٹلر کے دور میں ہونے والے نسل پرستانہ قتل عام پر بننے والی فلم میں نظر آئیں گی

رواں برس ریلیز ہونے والی ہولی وڈ فلم ’ونڈر ویمن‘ کی اداکارہ گال گدوت نازی جرمنی کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم پر بننے والی فلم میں اداکاری کرتی نظر آئیں گی۔

خیال رہے کہ گال گدوت کی رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ’ونڈر ویمن‘ سپر ہٹ ثابت ہوئی، فلم نے باکس آفس پر جہاں کئی ریکارڈ بنائے، وہیں کئی بڑی فلموں کے ریکارڈ توڑے۔

گال گدوت ’ونڈر ویمن‘ میں خاتون سپر ہیرو کے روپ میں نظر آئیں، ان دنوں وہ اپنے آنے والی سپر ہیروز کرداروں پر مبنی فلم ’جسٹس لیگ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی سابق فوجی اہلکار کی فلم کا نیا ریکارڈ

’جسٹس لیگ‘ میں گال گدوت ’ونڈر ویمن‘ کے روپ میں ہی نظر آئیں گی۔

’ونڈر ویمن‘ کی کامیابی کے بعد جہاں اس کے سیکوئل کی تیاریاں جاری ہیں، وہیں گال گدوت ایک اور بڑی فلم کا حصہ بن گئیں۔

ہولی وڈ رپورٹس کے مطابق گال گدوت میڈ رور پکچرز کے بینر تلے جنگ عظیم دوئم کے دوران نازی جرمنی کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم پر بننے والی فلم ’رون‘ میں کام کرتی نظر آئیں گی۔

ریان اور مٹ فرپو کی تحریر کردہ اس فلم کی کہانی جنگ عظیم دوئم کے دوران نازی جرمنی کی فوج کی جانب سے یہودیوں اور دیگر افراد کے خلاف نسل پرستانہ قتل عام پر مبنی ہے۔

فلم کی کہانی نازی جرمنی کے ڈیتھ اسکواڈ کے ایک افسر کے گرد گھومتی ہے۔

مزید پڑھیں: پریانکا چوپڑا کا اسرائیلی فوج کی سابق اہلکار سے مقابلہ

یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ اسرائیلی اداکارہ گال گدوت اس فلم میں کیا کردار ادا کریں گی۔

ڈائریکٹر جسٹن کرزل کی اس فلم کی شوٹنگ آئندہ برس اپریل سے شروع کیے جانے کا امکان ہے، تاہم فلم کی ٹیم نے شوٹنگ کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ’رون‘ گال گدوت کی ’ونڈر ویمن 2‘ سے قبل ریلیز ہوگی۔

واضح رہے کہ گال گدوت یہودی ہیں، جب کہ خیال کیا جاتا ہے کہ جنگ عظیم دوئم کے دوران نازی جرمنی یعنی ایڈولف ہٹلر کے دور میں یہودیوں کا نسل پرستانہ قتل عام کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی اداکارہ نے بھارت میں پریانکا چوپڑا کو شکست دیدی

جنگ عظیم دوئم کے اختتام کے بعد برطانیہ اور امریکا کی مدد سمیت دیگر یورپی ممالک کے تعاون سے جرمنی سے یہودیوں کو نکال کر فلسطین کی سرزمین پر آباد کرکے نئے ملک اسرائیل کا قیام کیا گیا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’رون‘ فلم میں یہودیوں کے نسل پرستانہ قتل عام یا انہیں جرمنی سے نکال کر اسرائیل آباد کرنے جیسے موضوعات کو دکھایا جائے گا یا نہیں۔