کھیل

پاکستان کو ون ڈے سیریز میں چھٹی پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش

سری لنکا کے خلاف سیریز 4-1 سے ہارنے کی صورت میں پاکستانی ٹیم چھٹی پوزیشن سے محروم ہو جائے گی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز کل سے دبئی میں ہو رہا ہے جہاں ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے درجے سے محروم ہونے والی پاکستانی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں بھی چجٹی پوزیشن برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے۔

پاکستان کو ون ڈے رینکنگ میں چھٹی پوزیشن برقرار رکھنے کےلئے سری لنکا کےخلاف سیریز لازمی جیتنا ہوگی جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم بنگلہ دیش کو شکست دے کر پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کرسکتی ہے۔

آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں بھارت کی ٹیم پہلی پوزیشن پرموجود ہے جبکہ جنوبی افریقہ دوسرے ، آسٹریلیا تیسرے، انگلینڈ چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، پاکستان چھٹی، بنگلہ دیش ساتویں اور سری لنکا آٹھویں پوزیشن پر براجمان ہے۔

چیمپیئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کی بدولت قومی ٹیم ورلڈ کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کی خفت سے بچنے میں تو کامیاب رہی لیکن اب سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کو چھٹی پوزیشن کو برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے۔

ٹیسٹ سیریز میں 2-0 کی غیرمتوقع شکست اور چھٹی پوزیشن سے محروم ہونے کے بعد پاکستان کل سے شروع ہونے والی سیریز میں اپنی رینکنگ برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔

عالمی درجہ بندی میں پاکستان 95 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، بنگلہ دیش 94 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں اور سری لنکا 86 پوائنس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

اگر پاکستانی ٹیم پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں سری لنکا کیخلاف کلین سوئپ کرتی ہے تو بھی وہ چھٹے نمبر پر ہی موجود رہے گی اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 99 ہو جائے گی۔

سیریز میں 4-1 سے کامیابی کی صورت میں بھی قومی ٹیم کی پوزیشن برقرار رہے گی اور اس کے پوائنٹس 97 ہو جائیں گے جبکہ 3-2 سے فتح قومی ٹیم کے پوائنٹس 95 ہی رہیں گے۔

سیریز 3-2 سے ہارنے کی صورت میں پاکستان کے پوائنٹس 93 اور سری لنکا کے 88 ہو جائیں گے جبکہ 4-1 یا 5-0 سے کلین سوئپ شکست کے نتیجے میں پاکستان کے پوائنٹس 91 اور سری لنکا کے 89 ہو جائیں گے۔

سری لنکا نے اگر 4-1 سے سیریز جیتی تو پاکستان ساتویں نمبرپرچلا جائےگا البتہ سری لنکا کی 3-2 سے کامیابی پر رینکنگ کا انحصار بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے نتائج پر ہوگا۔

بنگلہ دیش اگر تین میچوں کی سیریز کا ایک بھی میچ جیتا تو پاکستان ساتویں پوزیشن پر آجائےگا جبکہ بنگلہ دیش کیخلاف کلین سوئپ کرکے جنوبی افریقہ ون ڈے رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن پر آسکتا ہے۔