کھیل

فیفا نے پاکستان کی رکنیت معطل کردی

پاکستان کی بین الاقوامی ٹیم، کلب ٹیمیں اور فیڈریشن کے عہدیداران عالمی سطح پر فٹبال کے کسی بھی ایونٹ میں شریک نہیں ہوسکتے

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی رکنیت معطل کرتے ہوئے اس کی ہر طرح کے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت پر پابندی عائد کردی۔

فیفا کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق گذشتہ روز (10 اکتوبر کو) فیفا کونسل کے بیورو کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پی ایف ایف کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کرکے اسے فوری طور پر نافذ کردیا گیا۔

فیفا اعلامیے کے مطابق بیورو نے پی ایف ایف کے دفاتر اور ان کے اکاؤنٹس، عدالت کی جانب سے تقرر کردہ منتظم کے سپرد ہونے کی بنا پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں: پاک فوج کا رونالڈینیو اور ٹیم کو پاکستان آمد پرخوش آمدید

اعلامیے میں کہا گیا کہ فیفا ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پی ایف ایف کی جانب سے فیڈریشن کے معاملات آزادانہ طور پر چلانے کے بجائے کسی دوسرے فریق کے سپرد ہیں۔

فیفا اعلامیے کے مطابق پی ایف ایف کے اکاؤنٹس دوبارہ فیڈریشن کے سپرد ہونے کی صورت میں معطلی کا فیصلہ ختم کرتے ہوئے عائد پابندی اٹھالی جائے گی۔

فٹبال کی عالمی تنظیم کی جانب سے عائد معطلی کے بعد فیفا آئین کے آرٹیکل 13 کے مطابق پی ایف ایف تمام بین الاقوامی ممبرشپس سے بھی محروم ہوگیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ پی ایف ایف کی کلب ٹیمیں اور اس کے نمائندگان بھی کسی طرح کے بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کے اہل نہیں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: فضل محمد: موٹر مکینک سے پروفیشل فٹبالر تک

فیفا کی جانب سے عائد پابندی کے بعد پی ایف ایف اور اس کے عہدیداران مستقبل میں فیفا یا ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کی جانب سے منعقدہ کسی بھی ترقیاتی پروگرام یا ٹریننگ کورس میں شرکت کے بھی اہل نہیں ہوں گے۔

اس کے علاوہ فیفا کے آرٹیکل 16 کی شق 3 کے مطابق فیفا ممبران کی دیگر ایسوسی ایشنز بھی معطلی کے دوران پی ایف ایف کے ساتھ کھیلوں کی سطح کا کوئی رابطہ نہیں رکھ سکتیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں فٹبال کے امور چلانے والے ادارے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے معاملات تذبذب کا شکار تھے جس کے بعد یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ فٹبال کی عالمی تنظیم پی ایف ایف اس کی رکنیت معطل کرسکتی ہے۔

پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن (پی ایف ایف) کی جانب سے اپریل 2015 میں متنازع الیکشن منعقد کرانے کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن ادارے کے صدارتی الیکشن سے قبل ہی دو دھڑوں میں بٹ گئی تھی۔

دونوں دھڑے اپنی نگرانی میں الیکشن کرانا چاہتے تھے تاہم لاہور ہائی کورٹ نے مداخلت کرتے ہوئے الیکشن پر حکم امتناع جاری کردیا لیکن پھر بھی لیکن فیصل صالح حیات کے حامی گروپ نے اے ایف سی کے حکام کی نگرانی میں الیکشن منعقد کرائے اور اسی دوران لاہور ہائی کورٹ نے پی ایف ایف امور چلانے کے لیے ایک منتظم کا تقرر کردیا۔

اس پر فیفا ترجمان کا کہنا تھا کہ عدالت میں کیس کے زیر التواء ہونے کے باوجود عدالت نے پی ایف ایف امور چلانے اور اس کا اکاؤنٹ کی دیکھ بھال کے لیے ایک منتظم مقرر کردیا۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا تھا کہ فیفا ممبر کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ پی ایف ایف حکام کو عدالتی منتظم کی جانب سے 31 جولائی 2017 تک فیڈریشن کے امور اور اکاؤنٹس واپس نہیں ملے تو اس کی رکنیت معطل کردی جائے گی۔