پاکستان

بینظیر بھٹو قتل کیس میں ضمانت پر رہا پولیس افسر ڈیوٹی پر تعینات

آئی جی پنجاب پولیس کیپٹن (ر) عارف نواز کی جانب سے اس افسر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

لاہور: سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سابق چیئرپرسن بینظیر بھٹو کے قتل کیس میں ضمانت پر رہا ہونے والے پنجاب پولیس کے ایک سینئر افسر کو راولپنڈی میں پنجاب پولیس کی ایک خالی آسامی پر تعینات کردیا گیا۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق انسپیکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس کیپٹن (ر) عارف نواز کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) خرم شہزاد کو ایس ایس پی اسپیشل برانچ راولپنڈی تعینات کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

خیال رہے کہ راولپنڈی میں موجود انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بینظیر قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق سٹی پولیس افسر (سی پی او) سعود عزیز اور سابق ایس ایس پی خرم شہزاد کو 17، 17 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

مزید پڑھیں: بینظیر قتل کیس: ناہید خان کی فریق بننے کی درخواست

بعد ازاں سزا پانے والے پولیس افسران نے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں چیلنج کردیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی کے ڈویژن بینچ نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو قتل کیس میں سزا پانے والے دونوں پولیس افسران کی سزا معطل کرتے ہوئے دو دو لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ان کی ضمانت منظور کرلی تھی۔

واضح رہے کہ رواں برس 31 اگست کو راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بینظیر بھٹو قتل کیس کے اسی فیصلے میں 5 گرفتار ملزمان کو بری کردیا تھا جبکہ مرکزی ملزم سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دے دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بہتر سیکیورٹی ہوتی توبینظیر بھٹو کا قتل روکنا ممکن ہوتا، عدالت

یاد رہے کہ بینظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد سابق وزیراعظم کے صاحبزادے اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صاحبزادیوں آصفہ بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری نے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا اور اسے لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔