کھیل

رافیل نڈال نے چائنا اوپن ٹینس جیت لیا

چائنا اوپن کے فائنل میں رافیل نڈال نے آسٹریلیا کے نک کریگیوس کو باآسانی اسٹریٹ سیٹ میں شکست دی۔

عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار اسپین کے رافیل نڈال نے چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں نک کریگیوس کو زیر کرکے کیریر کا 75 واں ٹائٹل حاصل کرلیا۔

بیجنگ میں کھیلے گئے مینز سنگلز مقابلوں کے فائنل میں رافیل نڈال نے آسٹریلیا کے نک کرگیوس کو اسٹریٹ سیٹ میں شکست دی اور دوسری مرتبہ چائنا اوپن اپنے نام کیا۔

عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نے نک کریگیوس کو 6-1 اور 6-2 سے باآسانی شکست دے دی۔

یاد رہے کہ رافیل نڈال نے پہلی مرتبہ 2005 میں چائنا اوپن جیت لیا تھا جس کے 12 سال بعد ایک مرتبہ پھر یہ ٹائٹل حاصل کرلیا جبکہ یہ ان کا رواں سال چھٹا ٹائٹل ہے۔

رافیل نڈال نے چائنا اوپن کے سیمی فائنل میں بلغاریہ کے ڈیمریتو کو 6-3، 4-6 اور 6-1 کے ایک اچھے مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل تک رسائی کی تھی۔

چائنا اوپن میں خواتین کے مقابلوں مین فرانس کی کھلاڑی کیرولین گارشیا نے عالمی نمبرایک سیمونا ہیلپ کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔

رومانیہ کی تجربہ کار اسٹار سیمونا ہیلپ کو فرانسیسی کھلاڑی نے 6-4 اور 7-6 سے ہرا دیا۔

سیمونا ہیلپ نے پری کوارٹر فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک روسی اسٹار ماریا شیراپوا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا تھا۔