پاکستان

ائرچائنا کا بیجنگ-اسلام آباد پروازوں میں اضافہ

بیجنگ سے اسلام آباد اور کراچی کے لیے ہفتے میں سات پروازیں رواں ماہ کی 29 تاریخ سے شروع کی جائیں گے، منیجرائرچائنا

چین کی سرکاری ائرلائن ائزچائنا نے رواں کی 29 تاریخ سے بیجنگ سے اسلام آباد اور کراچی کے لیے ہفتے میں چار کے بجائے سات پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اسلام آباد میں ائرچائنا کے منیجر ہو ہیتاؤ نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ اضافہ کردہ پروازیں 'چین اور پاکستان کے درمیان تجارت اور ثقافت کے تبادلے کے لیے سود مند ثابت ہوں گی'۔

چینی قونصلر ژاؤ لیجیان کا کہنا تھا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی بنیاد نے دونوں ممالک کے سیاسی، معاشی اور سائنسی تعلقات کو گہرا کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک نے ائرچائنا کو اپنے کاروبار کو پاکستان تک بڑھانے کے لیے اہم موقع فراہم کردیا ہے۔

خیال رہے کہ ائرچائنا نے اکتوبر 2016 میں پاکستان اور چین کے درمیان ہفتہ وار تین پروازوں سے آغاز کیا تھا جبکہ رواں سال ستمبر تک ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد دورے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

سی پیک منصوبوں کے آغاز کےبعد پاکستان اور چین کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئی ہے جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے کاروباری وفود کے علاوہ طلبا اور دیگر ثقافتی وفود کے تبادلوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔