فلم ریویو: ’جڑواں 2‘ ایک تفریحی اور بولڈ فلم
قریبا ڈھائی گھنٹے کی فلم میں لگ بھگ 20 منٹ ایسے ہوتے ہیں، جن میں بوریت محسوس ہوتی ہے۔
’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ جیسی فلم سے کیریئر کی شروعات کرنے والے ورون دھون نے ویسے تو اب تک 10 میں سے ذیادہ ترایسی فلمیں دی ہیں، جنہوں نے انہیں ایک بڑے اداکاروں کی فہرست میں شامل کردیا ہے، تاہم ان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی ’جڑواں 2‘ نے انہیں پہلی بار 100 کروڑ کلب میں شامل کردیا، اس سے قبل ان کی شاہ رخ خان کے ساتھ آنے والی فلم ’دلوالے‘ بھی 100 کروڑ کلب میں شامل ہوئی تھی، جب کہ اسٹوڈنٹ آف دی ایئر نے متعدد ایوارڈز بھی جیتے۔
’جڑواں 2‘ دو دہائیاں قبل آنے والی سلمان خان کی فلم ’جڑواں‘ کا سیکوئل ہے، جس وجہ سے فلم میں پہلی فلم کی جھلک نظر آنا کوئی نئی بات نہیں، تاہم ایسا نہیں ہے کہ سیکوئل کو پہلے فلم کی کاپی ہی بنایا گیا ہو۔