سائنس و ٹیکنالوجی

فیس بک میں یہ دلچسپ تبدیلی استعمال کرکے دیکھی؟

یہاں ایسا مواد دیکھا جاسکے گا جو صارف کی دلچسپی کے مطابق تو ہوگا مگر وہ ایسے پیچز کا ہوگا جنھیں لائیک نہیں کیا گیا ہوگا۔

فیس بک کو لگتا ہے کہ صارفین کے لیے ایک نیوزفیڈ کافی نہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس نے اپنی موبائل ایپ کے بعد اب ڈیسک ٹاپ ورژن میں بھی سیکنڈری نیوزفیڈ کا تجربہ شروع کردیا ہے۔

اس سے پہلے مارچ میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس میں فیس بک ایپ میں سیکنڈری نیوز فیڈ کی آزمائش شروع ہوئی تھی اور جولائی میں اسے عام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا۔

تاہم اب یہ دلچسپ تبدیلی ڈیسک ٹاپ ورژن میں بھی آرہی ہے۔

اس نئی تبدیلی سے موجودہ نیوزفیڈ متاثر نہیں ہوگا بلکہ وہ ہوم ٹیب کی شکل میں بدستور موجود رہے گا جبکہ ایکسپلور ٹیب کے ذریعے دوسری نیوز فیڈ کا جائزہ لیا جاسکے گا۔

مزید پڑھیں : فیس بک پر مفت وائی فائی نیٹ ورک کیسے تلاش کریں؟

اس نیوز فیڈ میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ کی ایسی تصاویر، ویڈیوز اور مضامین وغیرہ کو دیکھا جاسکے گا جو صارف کی دلچسپی کے مطابق ہوں گی مگر ان کا تعلق ایسے پیچز یا صارفین سے ہوگا جنھیں لائیک یا فالو نہیں کیا جارہا ہوگا۔

درحقیقت یہ فیچر انسٹاگرام کے سرچ اور ایکسپلور ٹیب سے ملتا جلتا ہے۔

اسکرین شاٹ

فیس بک اس ایکسپلور ٹیب کے ذریعے صارفین کو ایسے پیجز میں دلچسپی لینے میں مجبور کرے گی جنھیں وہ لائیک یا فالو نہ کررہے ہو اور ان کا مواد نیوزفیڈ پر نظر نہ آتا ہو۔

یہ نئی نیوز فیڈ فیس بک کی جانب سے صارفین کو زیادہ سے زیادہ ویڈیوز دیکھنے پر مجبور کرنے کی حکمت عملی کا بھی حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک نیوز فیڈ ایک بار پھر تبدیل

انسٹاگرام اور ٹوئٹر سے ملنے جلتے اس فیچر کے ذریعے فیس بک اپنے نیوزفیڈ پر ہونے والی تنقید کو بھی کم کرنا چاہتی ہے۔

ہوسکتا ہے کہ فیس بک کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں آپ کے پاس بھی یہ تبدیلی آچکی ہو جس کے لیے بائیں جانب ایکسپلور ٹیب کے نیچے آپشنز کو دیکھیں جہاں وہ نیچے کہیں موجود ہوسکتا ہے۔

یہ فیچر انتہائی کارآمد اور ممکنہ طور پر آپ کو پسند آنے والی ویڈیوز اور دیگر لنکس سے بھرپور ہوسکتا ہے۔