ابوظہبی میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ چکنا چور
پاکستانی ٹیم کی سری لنکا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے ساتھ ہی قومی ٹیم کا ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کا مضبوط قلعہ سمجھا جانے والے ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم پہلی بار شکست کھا گئی۔
سری لنکا کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ سے قبل پاکستان ٹیم نے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے نو ٹیسٹ میچز میں سے پانچ میں کامیابی حاصل کی جبکہ چار ٹیسٹ ڈرا رہے۔
21 رنز سے شکست پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے کم مارجن کی شکست بھی ہے۔
دوسری جانب 39 سالہ سری لنکن اسپنر رنگنا ہیراتھ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں سو وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے باؤلر بھی بن گئے اور ساتھ ہی 400 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے لیفٹ آرم اسپنر بھی بن گئے۔
ٹیسٹ کرکٹ کے پانچویں دن پاکستان بیٹنگ لائن کا فلاپ ہونا معمول بنتا جارہا ہے اور دو ہزار سولہ میں یہ یہ چھٹا موقع ہے کہ میچ کے آخری دن پاکستان نے تمام دس وکٹیں گنواکر جیت حریف ٹیم کے نام کی ۔