لائف اسٹائل

’جڑواں 2‘ کا تین دن میں نیا ریکارڈ قائم

فلم نے رواں برس کی تمام فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا، یہاں تک کہ 200 کروڑ کمانے والی فلمیں بھی پیچھے رہ گئیں۔

تین دن قبل 29 ستمبر کو ریلیز ہونے والی بولی وڈ کامیڈی فلم ’جڑواں 2‘ نے تین دن میں ریکارڈ بزنس کرکے نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

یہ ورون دھون کی پہلی فلم ہے، جس نے ابتدائی دن میں ریکارڈ بزنس کرکے نیا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

یہاں تک کہ اس فلم نے فلم کی اداکارہ جیکولین فرنانڈس کی اس سے قبل آنے والی سپر ہٹ فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

خیال رہے کہ جڑواں 2 میں ورون دھون کے ساتھ جیکولین فرنانڈس اور تپسی پنو کو کاسٹ کیا گیا ہے، یہ فلم 1997 میں آنے والی سلمان خان کی فلم ’جڑواں‘ کا سیکوئل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’جڑواں 2‘ کا اچھا آغاز

جڑواں 2 سے قبل جیکولین فرنانڈس کی فلمیں ’کک‘، ’ہاؤس فل 2‘،’ہاؤس فل 3‘ اور ’ریس 2‘ 200 اور 100 کروڑ کمانی والی فلمیں ہیں۔

تاہم جیکولین فرنانڈس کی ان فلموں نے ابتدائی دن میں اتنی کمائی نہیں کی تھی، جتنی جڑواں 2 نے کی ہے۔

کوئی موئی کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان کے ساتھ جیکولین فرنانڈس کی فلم ’کک‘ نے 233 کروڑ روپے کمائے، لیکن ابتدائی تین میں وہ اتنا نہیں کما سکی تھی، جتنا جڑواں 2 نے بزنس کیا۔

جڑواں 2 ریکارڈ کمائی کے ساتھ 2017 کی وہ پہلی فلم بن گئی ہے، جس نے شروعاتی تین میں بھارتی 59 کروڑ سے زائد کے پیسے بٹورے۔

مزید پڑھیں: اصل 'جڑواں' ورن دھون نہیں بلکہ سلمان خان

فلم نے 2 اکتوبر تک 59 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے کما کر رواں برس ریلیز ہونے والی تمام فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

رواں برس ریلیز ہونے والی بھارتی فلم ’باہوبلی 2‘ وہ واحد فلم ہے، جس نے ابتدائی تین میں جڑواں 2 سے زیادہ پیسے بٹورے، جب کہ شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس‘ نے ابتدائی پانچ دن میں 93 کروڑ روپے تو کمالیے تھے، تاہم تین میں اس کی کمائی ورون دھون کی فلم جتنی نہیں ہوئی تھی۔

اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ’جڑواں 2‘ ممکنہ طور پر رواں برس کی تیزی سے 100 کروڑ کلب میں شامل ہونے والی بولی وڈ فلم ثابت ہوگی۔