فلم ’ جسٹس لیگ‘ کے کرداروں کی تصاویر جاری
کامک سپر ہیروز پر مبنی ہولی وڈ کی آنے والی فلم ’جسٹس لیگ‘ کے مرکزی کرداروں کی نئی تصاویر جاری کردی گئیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ’جسٹس لیگ‘ کے 2 ٹریلرز بھی جاری کیے گئے تھے، جن میں تمام مرکزی کرداروں کو نہیں دکھایا گیا تھا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ جاری کی گئی نئی تصاویر بھی مکمل کرداروں کی نہیں ہوں گی، فلم میں مزید کچھ کردار بھی شامل ہوں گے۔
ڈی سی کامکس کی اس فلم کو ’وارنر بردارز‘ کے بینر تلے رواں برس نومبر میں ریلیز کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بیٹ مین ورسز سپرمین فلم دیکھنے کے خواہشمند؟
رواں برس جولائی میں فلم کے جاری کیے گئے دوسرے ٹریلر میں بیٹ مین (بین ایفلک)، ونڈر ویمن (گال گدوٹ)، اکیوا مین (جیسن موموا)، سائی بورگ (رے فشر) اور فلیش (ازرا ملر) کو ایک ساتھ برائی کے خلاف جدوجہد کرتے دکھایا گیا تھا، مگر انہیں کامیابی کی امید کی تلاش میں مشکل کا سامنا ہوتا ہے۔
ٹریلر کے اختتام پر ایک گمنام کردار کو بھی دکھایا گیا تھا، جس سے متعلق چہ مگوئیاں کی جارہی تھیں کہ وہ سپرمین (ہینری کیمل) ہوسکتا ہے۔نئی جاری کی گئی تصاویر بھی ان ہی پانچ کرداروں کی ہیں۔
خیال رہے کہ ’جسٹس لیگ‘ کے ہیروز کا مقابلہ بھی کامک ولن کرداروں سے ہوگا۔
اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں مختلف کامک فلموں کے مرکزی سپر ہیروز اور ہیروئنز کو ان کے فلموں کے ناموں سے ہی پیش کیا جائے گا۔
اس سیریز کی پہلی فلم 'بیٹ مین ورسز سپرمین' ڈان آف جسٹس 2016 کو ریلیز کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: جسٹس لیگ میں 'مردہ' سپر ہیرو کی واپسی؟
’جسٹس لیگ‘ کو رواں برس 17 نومبر کو دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا۔