سائنس و ٹیکنالوجی

سام سنگ کے ٹکر کا زیڈ ٹی ای کا ڈوئل اسکرین فولڈ ایبل فون

جنوبی کورین کمپنی سام سنگ بھی ڈوئل اسکرین موبائل فون بنانے میں مصروف ہے۔

ویسے تو اسمارٹ فون تیار کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی جنوبی کورین کمپنی ’سام سنگ‘ نے بھی ڈوئل اسکرین کے حامل فولڈ ایبل فون بنانے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔

سام سنگ تو ابھی تک اپنے ڈوئل اسکرین فولڈ ایبل فون کی تیاریوں میں مصروف ہے، اور ممکنہ طور پر وہ 2019 میں اپنے موبائل کو متعارف کرائے گی۔

تاہم چینی کمپنی ’زیڈ ٹی ای‘ اس معاملے میں سام سنگ سمیت دیگر کمپنیوں کو مات دینے کے لیے تیار ہے۔

زیڈ ٹی ای کی جانب سے تیار کردہ ڈوئل اسکرین فولڈ ایبل فون کی تصاویر سامنے آگئیں، اور اب خبریں ہیں کہ چینی کمپنی آئندہ ماہ اس فون کو متعارف کرانے جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سام سنگ کا ڈوئل اسکرین والا اسمارٹ تیار کرنے کا فیصلہ
دونوں اسکرینوں کو الگ الگ پینل سے کنٹرول کیا جائے گا—فوٹو: اینڈرائڈ اتھارٹی

اینڈرائیڈ اتھارٹی نے زیڈ ٹی ای کے ڈوئل اسکرین فولڈ ایبل کی تصاویر شائع کرتے ہوئے ذرائع سے بتایا کہ چینی کمپنی 17 اکتوبر کو اس موبائل کو متعارف کرانے جا رہی ہے۔

زیڈ ٹی ای کے اس موبائل کو امریکی موبائل فون فروخت کرنے والی معروف کمپنی اے ٹی اینڈ ٹی امریکا بھر میں فروخت کے لیے پیش کرے گی۔

مزید پڑھیں: چینی کمپنی ایپل اور سام سنگ کے لیے خطرہ بن گئی

زیڈ ٹی ای نے اس موبائل کو ایکسون ملٹی کا نام دیا ہے، اس فون کی خصوصی بات یہ ہے کہ اس میں دو اسکرین تو ہوں گی، لیکن انہیں الگ الگ پینل سے کنٹرول کیا جاسکے گا۔

موبائل کے دونوں اسکرین 6.8 انچ کے ہوں گے، ان کا ریزولیشن 2160 بائی 1920 ہوگا۔

4 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج کے حامل اس موبائل کی بیٹری 3120 ایم اے ایچ ہوگی۔

زیڈ ٹی ای کے اس ڈوئل اسکرین فولڈ ایبل فون کی قیمت ممکنہ طور پر 650 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 68 ہزار روپے سے زائد ہوگی۔