گوگل 4 اکتوبرکو کیا متعارف کرانے جا رہا ہے؟
یہ خبریں تو پہلے ہی تھیں کہ گوگل آئندہ ماہ 4 اکتوبر کو سالانہ ایونٹ کے دوران اپنے 2 نئے پکسل فونز متعارف کرانے جا رہا ہے، تاہم اب خبریں ہیں کہ انٹرنیٹ گرو کمپنی اس ایونٹ میں مزید کچھ چیزیں بھی متعارف کرانے جا رہی ہے۔
اس ایونٹ میں گوگل اپنے 2 نئے فون پکسل 2 اور لارجر پکسل ایکس ایل 2 متعارف کرانے جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ یہ دونوں فون گوگل کی جانب سے 2016 میں متعارف کرائے گئے پکسل اور پکسل ایکس ایل کے ہی بہتر ورژن ہیں۔
گوگل پکسل فونز
ان فون سے متعلق لیک ہونے والی خبروں سے پتہ چلتا ہے کہ ان میں پہلے سے بہتر بیٹری، زیادہ اسٹوریج اور دیگر فونز کے مقابلے میں بہتر کیمرے ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل کے نئے پکسل فونز کی رونمائی 4 اکتوبر کو
گزشتہ ماہ ان فونز کے حوالے گوگل کی جانب سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی، جس میں وضاحت تو نہیں کی گئی، تاہم ان فونز کی بہتری کی جانب اشارے ضرور کیے گئے۔
ویڈیو میں ایک سرچ کو دکھایا گیا ہے، جس میں صارف پوچھتا ہے ' میرے فون کی بیٹری کے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟'، ' میرے فون میں اسٹوریج ہمیشہ ختم کیوں ہوجاتی ہے؟'، 'آخر میرا فون اتنی دھندلی تصویریں کیوں لیتا ہے' اور دیگر۔
ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ گوگل کے نئے فونز ان تمام مسائل کو حل کرنے والے ہیں۔