لائف اسٹائل

'ناگن' کے ساتھ متھیرا کی واپسی

متھیرا کومافوق الفطرت کرداروں پرمشتمل سیریل 'ناگن' میں دیکھاجاسکتا ہے،جسے پاکستان کا 'گیمز آف تھرونز'بھی کہہ سکتے ہیں۔

میزبان و اداکارہ متھیرا کی فلم 'بلائنڈ لَو' (Blind Love) تو پاکستانی باکس آفس پر کچھ زیادہ کامیاب نہ ہوسکی، تاہم وہ ایک ایسے پراجیکٹ کے ساتھ واپس آئی ہیں، جو یقینی طور پر پاکستانی ٹی وی اسکرینز کے لیے نیا ہے۔

متھیرا کو مافوق الفطرت کرداروں پر مشتمل سیریل 'ناگن' میں دیکھا جاسکتا ہے، جسے پاکستان کا 'گیمز آف تھرونز' کہا جاسکتا ہے۔

متھیرا نے اس پراجیکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ، 'یہ شو بہت ہی مختلف ہے، جو مافوق الفطرت کرداروں کے ساتھ سیاست اور اقتدار کی جنگ پر مبنی ہے'۔

اپنے کردار کے حوالے سے بتاتے ہوئے متھیرا نے کہا، 'میں مستانی کا کردار کر رہی ہوں، جو خود کو بے وقوف ظاہر کرتی ہے لیکن اصل میں بہت چالاک ہے، اسے ڈرامہ پسند ہے، وہ غلبہ اور اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے'۔

کہانی کی مزید تفصیل بتاتے ہوئے متھیرا نے کہا کہ دنیا پر ناگنوں اور نیولوں کا قبضہ ہوتا ہے، جو اقتدار کی جنگ لڑتے ہیں، 'میں ایک نیولا ہوں گی'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس سیریل میں اینیمیشن کا زبردست استعمال کیا گیا ہے جبکہ ملبوسات (کاسٹیومز) اور خاور ریاض کی اسٹائلنگ بھی بہت مختلف ہے۔

'ناگن' کی ہدایات شاہ بلال دے رہے ہیں جبکہ اسے افتخار احمد عثمانی نے تحریر کیا ہے۔

متھیرا کے ساتھ ساتھ اس میں کاشف محمود، جاناں ملک، حارب فاروق، ضیاء خان اور فضہ علی بھی شامل ہیں۔

اداکارہ کے مطابق یہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں ایک بالکل نیا سیریل ہے، اس میں ناگن، چڑیلوں اور دیگر مافوق الفطرت چیزوں کے درمیان سخت جنگ دکھائی گئی ہے، اس میں لالچ، طاقت، خوبصورتی، محبت، غرض ہر چیز شامل ہے۔

ناگن، چینل 'جیو کہانی' پر پیر سے جمعرات رات 8 بجے نشر ہوتا ہے۔