انسٹاگرام کی پوسٹ پر کمنٹس کے لیے نیا فیچر متعارف
فیس بک کی سسٹر سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن ’انسٹاگرام‘ کے صارفین کی تعداد بڑھ کر 80 کروڑ ہو چکی ہے، اور یومیہ اسے 50 کروڑ صارف استعمال کرتے ہیں۔
اگرچہ اس سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن کواسنیپ چیٹ جیسی ایپ سے خطرات ہیں، تاہم انسٹاگرام کی جانب سے آئے روز نئے فیچر متعارف کرائے جانے کی وجہ سے اس کی مقبولیت بڑھتی ہی جا رہی ہے۔
رواں برس جون میں ہی انسٹاگرام نے آرکائیو کا فیچر متعارف کرایا تھا، جب کہ اس کے ساتھ ہی سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن نے شیئر کی جانے والی پوسٹ پر جارحانہ کمنٹس کو بلاک کرنے کا آزمائشی پروگرام بھی متعارف کرایا تھا۔
انسٹاگرام نے 29 جون کو انگریزی زبان میں کی جانے والی پوسٹوں پر جارحانہ کمنٹس کو بلاک کرنے کا آپشن متعارف کرایا تھا، جسے اب باقاعدہ طور پر نہ صرف انگریزی بلکہ عربی، فرانسیسی اور عربی زبان میں شیئر کی جانے والی پوسٹوں کے لیے بھی متعارف کرادیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: انسٹاگرام میں آرکائیو فیچر متعارف
انسٹاگرام نے اپنی بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اس آپشن کے ذریعے اب صارف اپنی پوسٹ کو شیئر کرنے کے بعد کسی بھی جارح کمنٹ کو بلاک کرنے کی سہولت استعمال کر سکے گا۔