پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی جمہوریت
پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی جمہوریت
تحریر: عبدالرشید
پاکستان میں سب ہی سیاسی جماعتیں جمہوریت مضبوط کرنے کی دعویدار تو ہیں، تاہم ایک آدھ سیاسی جماعت کے علاوہ کوئی ایسی پارٹی مشاہدے میں نہیں آئی، جو اندرونی طور پر جمہوریت پر عمل پیرا ہو۔
الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود معلومات کے مطابق پاکستان کی 345 سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں، تاہم ان میں سے فعال اور متحرک سیاسی جماعتوں کی تعداد نصف بھی نہ ہوگی، جو جماعتیں متحرک نظر آتی ہیں اور انتخابات میں بھی حصہ لیا ہو، ان کی تعداد اس سے بھی کم ہے۔
ملک کی موجودہ حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس سے قبل حکومت کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سمیت متعدد جماعتوں پر قیادت نسل در نسل کوئی ایک ہی خاندان کرتا آیا ہے جبکہ ملک کی دیگر جماعتیں بھی ان ہی کی پیروی کرتی نظر آتی ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے متعدد مرتبہ تاکید کی جاتی رہتی ہے جبکہ اس حوالے سے متعدد جماعتوں کی جانب سے انٹرا پارٹی کے نتائج بھی الیکشن کیمشن میں جمع کرائے جاتے ہیں تاہم بیشتر نتائج میں سیاسی جماعت کی نچلی قیادت تو تبدیل ہوجاتی ہے، تاہم سربراہی، جس میں چیئرمین شپ یا صدارت شامل ہے، اس میں تبدیلی نہیں ہوتی، سوائے اس کے کہ 28 جولائی 2017 جیسا عدالتی فیصلہ سامنے آجائے اور جماعت کے سربراہ کو نہ صرف نااہلی کی وجہ سے وزارت عظمیٰ چھوڑنا پڑے بلکہ پارٹی کی قیادت بھی چھوڑنی پڑ جاتی ہے۔
اس رپورٹ میں ملک کی کچھ سیاسی جماعتوں کے قیام اور ان کے سربراہان سے متعلق تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔