لائف اسٹائل

شاہ رخ، انوشکا اور کترینہ دوبارہ ایک ساتھ کاسٹ

تینوں اداکار 5 سال قبل بولی وڈ فلم جب تک ہے جاں میں ٹرائی اینگل لو کرتے نظر آئے تھے۔

پانچ سال قبل 2012 میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلم ’جب تک ہے جاں‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہونے والے شاہ رخ خان، انوشکا شرما اور کترینہ کیف ایک بار پھر آنے والی فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

آنند ایل رائے کی ہدایت کردہ اس فلم کا نام تاحال فائنل نہیں کیا گیا، لیکن اس کی شوٹنگ جاری ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق ’ووگ وومن آف دی ایئر ایوارڈ‘ تقریب میں گفتگو کے دوران بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان نے بتایا کہ جلد ہی انوشکا شرما فلم کی شوٹنگ کا حصہ بننے والی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ- انوشکا، ایک مرتبہ پھر اکٹھے

رومانس کے بادشاہ کا کہنا تھا کہ انوشکا شرما کے شوٹنگ جوائن کرنے کے اگلے ہی دن کترینہ کیف بھی شوٹنگ ٹیم کو جوائن کرلیں گی۔

اس سے قبل تینوں اداکار جب تک ہے جاں میں ایک ساتھ نظر آئے تھے—فائل فوٹو

شاہ رخ خان نے فلم کا نام تو نہیں بتایا، البتہ ان کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ مختلف مقامات پر ہوگی۔

مزید پڑھیں: جب تک ہے جاں میں انوشکا نے کس کی جگہ لی؟

خیال رہے کہ اس فلم میں شاہ رخ خان ایک بونے آدمی کے روپ میں نظر آئیں گے، جب کہ انوشکا شرما دماغی بیماری میں مبتلا خاتون کے کردار میں نظر آئیں گی۔

کترینہ کیف کے کردار کے حوالے سے ابھی کچھ واضح نہیں ہے، تاہم اس فلم کو آٗئندہ برس دسمبر میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

’ووگ وومن آف دی ایئر ایوارڈ‘ تقریب کے دوران سب سے ذیادہ اہم خواتین سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ’ان کی زندگی میں آنے والی تمام خواتین اہم ہیں‘۔

انہوں نے وضاحت کہ ان کی والدہ، بہن، بیوی، بیٹی، ساتھی اداکاراؤں اور ان خواتین سمیت جو براہ راست ان سے وابسطہ نہیں وہ بھی اہم ہیں، اور خواتین کو عزت اور احترام دینا ہے ان کے لیے سب سے بڑا ایوارڈ ہے۔