پاکستان

’مشرف اتنے ہی بہادر ہیں تو عدالتوں کا سامنا کریں‘

اگر پرویز مشرف کی کمر میں اتنی ہی تکلیف ہے تو پھر وہ ڈسکو کیسے کر رہے ہیں، سابق صدر آصف زرداری

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ اگر جنرل (ر) پرویز مشرف اتنے ہی بہادر ہیں تو پاکستان واپس آکر عدالتوں میں پیش ہوں۔

کمالیہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ ’ ماضی کی سیاست الزامات سے بھری ہوئی ہے، اگر پرویز مشرف کی کمر میں اتنی ہی تکلیف ہے تو پھر وہ ڈسکو کیسے کر رہے ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے قتل کا اصل ذمہ دار آصف زرداری کو قرار دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان کی تباہی کے ساتھ مرتضیٰ بھٹو اور بینظیر بھٹو کے قتل کا ذمہ دار آصف علی زرداری ہے، دونوں کا قتل انہوں نے کروایا۔

پرویز مشرف نے الزام عائد کیا کہ بے نظیر کے قتل میں آصف زرداری اور افغانستان کے اہم لوگ شامل تھے، جو عینی شاہد تھے ان کا عدالت نے بیان ہی ریکارڈ نہیں کیا، ڈاکوؤں کے سرغنہ خالد شہنشاہ کو بینظیر کاسیکیورٹی انچارج بنایا گیا۔

آصف زرداری نے پریس کانفرنس کے دوران حکومت پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ ’حکمراں جماعت معاشی ترقی میں ناکام رہی، روڈ بنانے سے کچھ نہیں ہوتا، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار زخمی پاکستان چھوڑ کر فرار ہوگئے، اب یہ بہانہ کریں گے کہ ہمیں نکالنے سے معیشت پر اثر پڑا جبکہ تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو حکومت کرنا آتی ہے نہ سنبھال سکتی ہے۔‘

خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ’خیبر پختونخوا میں ایک پل کے سوا کچھ نظر نہیں آرہا، عمران خان نیا پاکستان بنا رہے ہیں لیکن اب تک نیا خیبر پختونخوا بھی نہیں بنا۔‘

مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے انتخابات میں اکٹھے ہونے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ ’دونوں جماعتوں کا ملنا ممکن نہیں۔‘

سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی اکثریت کے باوجود حکومت کی جانب سے نااہل شخص کے پارٹی عہدیدار بننے سے متعلق بل منظور کرانے سے متعلق انہوں نے کہا کہ ’سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی اکثریت ایم کیو ایم اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ مل کر ہے، لیکن بدقسمتی سے انہوں نے بل کے خلاف ہمارا ساتھ نہیں دیا۔‘

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے حالیہ ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کی شکست پر سابق صدر نے کہا کہ ’این اے 120 کا انتخاب کوئی پیمانہ نہیں، جبکہ حکمراں جماعت نے انتخاب جیتنے کے لیے اربوں روپے لگائے۔‘

سوئٹزرلینڈ میں پاکستان مخالف مہم کے حوالے سے سابق صدر کا کہنا تھا کہ ’یہ موجودہ حکومت کی ناکامی ہے، 4 سال تک حکومت نے کوئی وزیرخارجہ ہی نہیں لگایا، حکومت نے پاکستان کا کیس جان بوجھ کر کمزور کیا، پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ حکومت بھارتی لابی کے ساتھ ملی ہوئی ہے، جبکہ یہ بھارت کے زور پر ملکی معیشت مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔‘