ہیواوے کا 4 کیمروں والا پہلا اسمارٹ فون
ہیواوے کو لگتا ہے کہ اسمارٹ فون کے بیک پر دو اور فرنٹ پر ایک کیمرہ کافی نہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ چار کیمروں والا اپنا اسمارٹ فون متعارف کرانے والی ہے۔
اسمارٹ فون کمپنیوں کی ڈیوائسز کی معلومات اور تصاویر لیک کرنے والے ٹوئٹر صارف ایون بلاس نے ہیواوے کے میٹ 10 لائٹ کی تصاویر پوسٹ کی ہیں۔
یہ فون ویسے تو 16 اکتوبر کو متعارف کرائے جانے کا امکان ہے مگر تصاویر سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ چینی کمپنی موبائل فوٹوگرافی کو ایک نئی 'اونچائی' پر پہنچانا چاہتی ہے اور اس ڈیوائس میں 4 کیمرے اس مقصد کے لیے دیئے جائیں گے۔
جی ہاں فرنٹ اور بیک دونوں جگہ ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ اس فون میں موجود ہے۔
بیک پر ایک سولہ میگا پکسل جبکہ دوسرا دو میگا پکسل کا کیمرہ دیا گیا ہے جبکہ فرنٹ پر ایک 13 میگا پکسل جبکہ دوسرا دو میگا پکسل کا کیمرہ ہوگا۔
اور فرنٹ سے تصویر لیں یا بیک کیمروں سے، دونوں جگہ دھندلے پس منظر کی تصویر لی جاسکے گی (بالکل نئے آئی فون ایکس (10)کی طرح جو کہ سیلفی کے لیے اس طرح کے فیچر کی پیشکش کرتا ہے)۔
مزید پڑھیں : ہیواوے کا نیا فون آئی فون 8 سے بہتر ہونے کا دعویٰ
دلچسپ بات یہ ہے کہ تیکنیکی طور پر آئی فون ایکس میں بھی 4 کیمرے ہیں، جن میں سے ایک فرنٹ پر انفراریڈ کیمرہ ہے۔
اس کے علاوہ یہ فون 5.9 انچ کی لگ بھگ بیزل لیس ایف ایچ ڈی پلس اسکرین کے ساتھ ہوگا جبکہ اس میں 2.36 گیگا ہرٹز کیرین 659 پراسیسر، فور جی بی ریم اور 3340 ایم اے ایچ بیٹری ہوگی۔
مگر ظاہر ہے کہ کیمرے ہی اس کا سب سے خاص فیچر ہے کیونکہ اب ہر کمپنی ہی ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ اپنی ڈیوائسز میں دے رہی ہے۔
تو اپنی مکالف کمپنیوں سے آگے جانے کے لیے کچھ نیا کرنا پڑتا ہے اور ہیواوے نے اس کے لیے چوتھے کیمرے کو اپنا ہتھیار بنایا ہے۔
ہیواوے کا یہ نیا فون 455 ڈالرز (لگ بھگ 48 ہزار پاکستانی روپے) تک ہونے کا امکان ہے۔
اس سے قبل جولائی میں چینی کمپنی نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کا نیا فلیگ شپ فون میٹ 10 آئی فون 8 سے بھی بہتر ہوگا۔
ہیواوے کے کنزیومرپراڈکٹ چیف رچرڈیو نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ اب کی بار ہم بہت طاقتور ڈیوائس میٹ 10 سامنے لانے والے ہیں، جس کی بیٹری لائف بہت اچھی، فل اسکرین ڈسپلے، تیزترین چارجنگ اسپیڈ، بہترین فوٹوگرافی کی صلاحیت اور متعدد دیگر فیچرز ایسے ہوںگے جس سے ہمیں ایپل کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔