سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر عائشہ باوانی کالج کی سیل کھول دی گئی
کراچی: سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر عائشہ باوانی کالج کی سیل کھول دی گئی، جس سے طلبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
خیال رہے کہ عائشہ باوانی ٹرسٹ اور محکمہ تعلیم کے درمیان جاری جھگڑے کے بعد گذشتہ ہفتے (15 ستمبر کو) عائشہ باوانی کالج کو ماتحت عدالت کے فیصلے کے نتیجے میں سیل کردیا گیا تھا تاہم اگلے ہی روز (16 ستمبر) سندھ ہائیکورٹ نے کالج سیل کرنے کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے اسے کھولنے کی ہدایات جاری کردی تھیں۔
پیر (18 ستمبر) کو محکمہ تعلیم کی ہدایت پر جب انتظامیہ اور طالبعلم کالج پہنچے تو وہ بدستور بند تھا۔
صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہرکی نے ٹرسٹ انتظامیہ کو آدھے گھنٹے میں کالج کھولنے کا الٹی میٹم دیا اور کچھ ہی دیر بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی کالج میں تعلیمی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کرنے کی ہدایات جاری کیں، تاہم کالج کے دروازے پر موجود ٹرسٹ نمائندگان نے ان احکامات پر عمل کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کو اس معاملے میں مداخلت کا اختیار نہیں۔
مزید پڑھیں: عدالتی حکم کےباوجود عائشہ باوانی کالج بند، تعلیمی سرگرمیاں متاثر