پاکستان

32 سیاسی جماعتوں نے انٹرا پارٹی الیکشن کی تفصیلات جمع کرادیں

تفصیلات جمع نہ کرانے والی سیاسی جماعتوں کو مستقبل کے کسی الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، الیکشن کمیشن

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا کہنا ہے کہ 32 سیاسی جماعتوں نے انٹرا پارٹی الیکشن اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات کمیشن میں جمع کرادیں۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پرس آف پاکستان (اے پی پی) کی رپورٹ کے مطابق ای سی پی حکام نے بتایا کہ جو سیاسی جماعت مقررہ وقت کے دوران مذکورہ تفصیلات کمیشن میں جمع نہیں کرائیں گی اس کو آئندہ مستقبل کے کسی الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی اس جماعت کو ای سی پی کی جانب سے انتخابی نشان ہی الاٹ کیا جائے گا۔

ای سی پی حکام کا کہنا تھا کہ پولیٹیکل پارٹی آرڈر 2002 کے آرٹیکل 14 میں درج شرائط کے مطابق ایک جماعت جو آرٹیکل 13 کے تحت اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کرتی وہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں شرکت اور انتخابی نشان الاٹ کیے جانے کی اہل نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ پولیٹیکل پارٹی آرڈر کے آرٹیکل 13 کے مطابق ہر سیاسی جماعت کو مالی سال کے پہلے 60 دن میں آڈٹ شدہ بینک اکاؤنٹس کی اسٹیٹ منٹس جمع کرانا ضروری ہے۔

ای سی پی کا کہنا تھا کہ اب تک 32 سیاسی جماعتوں نے اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کرادی ہیں۔

جن میں عوامی مسلم لیگ پاکستان، پاکستان مسلم لیگ کونسل، مرکزی جماعتِ اہل حدیث پاکستان، جماعت اسلامی پاکستان، پاکستان مسلم لیگ، عوامی نیشنل پارٹی، مجلس وحدت المسلمین پاکستان، پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو)، مستقبل پاکستان، پاکستان محمدی پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، نیشنل پارٹی، اسلامی تحریک پاکستان، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان قومی لیگ، قومی وطن پارٹی، سندھ یونائیٹڈ پارٹی، اللہ اکبر تحریک، پاکستان راہ حق، مو آن پاکستان، تحریکِ تحفظ پاکستان، پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز، پاکستان وومن مسلم لیگ، پاکستان تحریکِ انسانیت، عوام لیگ، عام آدمی تحریک پاکستان، عام لوگ پارٹی پاکستان، پاک سرزمین پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی شامل ہیں۔