صحت

وہ غذائیں جو ایک ساتھ نہیں کھانی چاہئیں

ایسی بہت سی غذائیں ہیں جنہیں ایک ساتھ ملا کر کھانا یا آگے پیچھے کھانا خطرناک تصور کیا جاتا ہے۔

ویسے تو دنیا بھر میں ہر کوئی اپنے کھانے کو مزید لذیذ بنانے کے لیے ایک کے ساتھ دوسری غذا ملاتا ہے، جس سے کچھ نئے انداز کی ڈش سامنے آجاتی ہے۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ایسی بہت سی غذائیں ہیں جنہیں ایک ساتھ ملا کر کھانا یا آگے پیچھے کھانا خطرناک تصور کیا جاتا ہے؟

اور اگر انہیں ایک ساتھ کھانے سے کوئی نقصان نہ بھی ہو، تب بھی لوگ انہیں ساتھ استعمال کرنے میں کافی احتیاط کرتے ہیں۔

ایسی ہی چند غذاؤں کے بارے میں یہاں بتایا جارہا ہے، جنہیں کسی ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر ایک ساتھ نہ کھانا ہی بہتر ہے۔

تربوز اور پانی

تربوز میں 90 سے 95 فیصد پانی ہوتا ہے اور اس کے ساتھ مزید پانی پینا معدے کے لیے ٹھیک نہیں، ایسا کرنے سے پیٹ خراب ہوسکتا ہے۔

چائے اور دہی

چائے اور دہی دونوں ہی تیزابیت سے بھرپور غذائیں ہیں، جس کے باعث جب یہ پیٹ میں ایک ساتھ ملتی ہیں تو نظام ہاضمہ کو سست کردیتی ہیں۔

دودھ اور کیلا

ویسے تو دنیا بھر میں کیلے کا شیک بےحد پسند کیا جاتا ہے اور بچے بڑے سب ہی اسے شوق سے پیتے ہیں، لیکن طبی تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ کیلا اور دودھ ایک ساتھ مل کر معدے کے لیے کافی بھاری ہوجاتا ہے جس سے پیٹ خراب ہوسکتا ہے۔

دہی اور پھل

طبی تحقیق کے مطابق اگر دہی کو کسی کھٹے پھل کے ساتھ کھایا جائے تو یہ جسم میں ایک ایسا تیزاب پیدا کرتا ہے جو میٹابولزم کو سست کردیتا ہے۔

گوشت اور دودھ

دودھ اور گوشت کو ایک ساتھ کھانے سے صدیوں سے منع کیا جارہا ہے، بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ مچھلی کھانے کے بعد دودھ پی لیا جائے تو جلد پر سفید دھبے پڑ جاتے ہیں اور ایسا بھی کہا جاتا ہے کہ دودھ اور گوشت کو ایک ساتھ کھانے سے پیٹ بھی خراب ہوسکتا ہے۔

دودھ اور لیموں

دودھ میں اگر لیموں شامل کیا جائے تو یہ پھٹ جاتا ہے، ایسا کچھ تب بھی ہوگا جب یہ دونوں غذائیں آپ کے پیٹ میں مل جائیں، ویسے تو ایسا بھی کہا جاتا ہے کہ انسانی پیٹ لیموں سے زیادہ تیزابیت رکھتا ہے، لیکن اس کے باوجود آج بھی دودھ اور لیموں کو ایک ساتھ کھانے سے منع ہی کیا جارہا ہے۔

بشکریہ/ٹائمز آف انڈیا