پاکستان

50 لاکھ ‘پرچی‘ اور 4 دن کا وقت

چمڑے کی جیکٹ میں نظر آنے والی حریم فاروقی ہر وقت مردوں کی فوج اور ڈراؤنے روپ میں نظر آتی ہیں۔

آنے والی پاکستانی فلم ’پرچی‘ کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔

ڈائریکٹر اظفر جعفری کی کامیڈین ایکشن فلم ’پرچی‘ کی نمائش کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے رواں برس کے آخر میں ریلیز کردیا جائے گا۔

اے آر وائی فلمز کے بینر تلے ریلیز ہونے والی اس فلم میں حریم فاروقی نہ صرف مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، بلکہ وہ اس فلم کی شریک پروڈیوسر بھی ہیں۔

چار دوستوں کی پریشانی، پیسوں کی پکڑ دھکڑ، ایکشن اور کامیڈی کے ارد گرد گھومتی کہانی پر مبنی اس فلم کے ایک منٹ دورانیے کے ٹیزر کو دیکھ کر فلم کی مکمل کہانی کو سمجھنا آسان نہیں۔

فلم کی کاسٹ میں علی رحمٰن خان، حریم فاروقی، عثمان مختار، احمد علی اور شفقت خان سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

حریم فاروقی ولن کے روپ میں

چمڑے کی جیکٹ میں نظر آنے والی حریم فاروقی ہر وقت مردوں کی فوج اور ہر وقت ڈراؤنے روپ میں نظر آتی ہیں۔

آئٹم سانگ اور ڈانس نمبرمیں حریم فاروقی کا انداز

فینسی لہنگے اور چولی میں ڈانس کرتی حریم فاروقی کے قدموں پر رقص کرتے کئی لڑکے نظر آئیں گے۔

فلم میں بھتہ کلچر

فلم کی مکمل کہانی کا اندازہ لگانا تو مشکل ہے، تاہم ایک منٹ دورانیے کے ٹیزر کو دیکھ کر لگتا ہے کہ فلم میں بھتہ کلچر کو بھی دکھایا گیا ہے، کیوں کہ عثمان کو 50 لاکھ کی ’پرچی‘ ملتی ہے، اور اسے صرف 4 دن کی مہلت دی جاتی ہے۔

علی رحمٰن کا رنویر سنگھ اسٹائل

اگر آپ نے بولی وڈ فلم ’غنڈے‘ دیکھی ہے تو آپ ’پرچی‘ میں علی رحمٰن کو دیکھ کر سمجھ جائیں گے، کہ وہ رنویر سنگھ کے اسٹائل کو کاپی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پیسے ہی پیسے

فلم میں پیسوں کو بہت زیادہ دکھایا گیا ہے، فلم میں نوٹوں کی گنتی، نوٹوں سے بھرے بیگ اور ہر طرف پیسے ہی پیسے نظر آئیں گے۔

ایکشن اور لڑائی

مختصر ٹیزر میں علی رحمٰن کو بندوق کے ساتھ دکھایا گیا ہے، ٹیزر کو دیکھ کر اندازا ہوتا ہے کہ فلم میں ایکشن اور بھرپور لڑائی کو دکھایا گیا ہے، جس میں قتل و غارت بھی ہوگی۔

حریم فاروقی اور عثمان کا پیار؟

ٹیزر میں حریم فاروقی اور عثمان کوایک ساتھ ڈانس کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ دونوں کا آپس میں پیار ہوگا۔

تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ وہ فلم میں ایک دوسرے کا پیار ہوتے ہیں یا نہیں، اس لیے ہمیں فلم کی ریلیز کا انتظار کرنا ہوگا۔