کھیل

اعصام نے لاہور میں عالمی معیار کے ٹینس کورٹ کا افتتاح کردیا

اعصام الحق نے اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ کا افتتاح کرتے ہوئے ملک میں انٹرنیشنل ٹینس اسٹارز کی آمد کی امید ظاہر کی۔

قومی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے لاہور میں عالمی معیار کے ٹینس کورٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب پاکستان میں 12 سال بعد عالمی کھلاڑیوں کی آمد امید کی جا سکتی ہے۔

پاکستان کے ٹینس اسٹار نے اسپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے نشترپارک اسپورٹس کمپلیکس میں بنائے گئے اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اعصام الحق نے کہا کہ جب مجھے ٹینس کورٹ کے دورے کی دعوت دی گئی تو مجھے اندازہ ہی نہیں تھا کہ لاہور میں عالمی معیار کا ٹینس کورٹ بھی ہوسکتا ہے جس میں بہترین سہولتیں میسر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ ٹینس پر بھی توجہ دی جارہی ہے، 20سالہ کیریئر میں پاکستان میں ایسا کورٹ نہیں دیکھا جس میں جدید سہولتیں میسر ہوں۔

ٹینس اسٹار نے کہا کہ اگر آپ راجر فیڈر، رافیل نڈال یا اینڈی مرے کو پاکستان کا دورہ کرانا چاہتے ہیں تو پاکستان میں ایسا کورٹ بھی ہونا چاہئے جہاں وہ آکر کھیل سکیں اور اب امید کی جاسکتی ہے کہ 12سال بعد کوئی عالمی ٹینس سٹار بھی پاکستان آئے گا۔

اعصام نے شاندار ٹینس کورٹ بنانے پر ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ٹینس کورٹ میں خود بھی کھیلوں گا اور نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت بھی دونگا۔