دسترخوان

بے خوابی کا علاج: کیلے کی چائے

بظاہر انوکھی نظر آنے والی کیلے اور دارچینی سے بننے والی یہ چائے وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتی ہے۔

کیا آپ نے کبھی کیلے کی چائے پی ہے یا کبھی اس کے بارے میں سنا ہے ؟

اگر نہیں تو جان لیں کہ واقعی کیلے کی چائے ہوتی ہے اور آپ کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ہے خاص طورپر سونے سے قبل اسے پینا بے خوابی کی شکایت کو دور کرتا ہے۔

بظاہر انوکھی نظر آنے والی کیلے اور دارچینی سے بننے والی یہ چائے وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتی ہے جو کہ نیند آنے اور گہری نیند کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں : دارچینی، شوگر اور پارکنسن میں مفید

اس کے علاوہ کیلے میں موجود پوٹاشیم بلڈ پریشر کو ریگولیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ اعصابی نظام کو بھی معاونت فراہم کرتا ہے۔

اسی طرح میگنیشم مسلز کو سکون فراہم کرتا ہے جبکہ وٹامن بی سکس آپ کے جسم کو ایسے کیمیکلز بنانے میں مدد دیتا ہے جو نیند کے نظام کو کنٹرول کرتے ہیں۔

اسی طرح دار چینی بھی بلڈ شوگر لیول کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے، اگر آپ کو علم نہ ہو تو جان لیں کہ بلڈ شوگر لیول میں اضافہ نیند کو دور بھگاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : روزانہ صرف 2 کیلے جسم پر کیا اثرات مرتب کرتے ہیں؟

اجزاء

ایک کیلا، چھلا ہوا

چوتھائی چائے کا چمچ دار چینی

پانی

ترکیب

دو کب پانی کو ایک برتن میں ڈالیں اور ابالنے کے لیے رکھ دیں۔

اب اس میں کیلے کو ڈال دیں اور دس منٹ تک پانی کو ابلنے دیں اور پھر چولہا بند کردیں۔

اس کے بعد چوتھائی چائے کا چمچ دار چینی پانی میں شامل کردیں۔

اس کے بعد کپ کے اوپر چھلنی رکھ کر پانی انڈیل دیں، مگر خیال رکھیں کہ پانی کو آہستگی سے کپ میں منتقل کریں۔

اب اسے پینے کے لائق درجہ حرارت تک ٹھنڈا کریں اور پھر سونے سے قبل پی لیں۔