زیادہ نمک کھانا ذیابیطس کا خطرہ بڑھائے
ویسے تو کہا جاتا ہے کہ بہت زیادہ چینی کھانا ذیابیطس جیسے مرض کا خطرہ بڑھاتا ہے مگر نمکین غذاﺅں کا شوقین ہونا بھی اس جان لیوا بیماری کا شکار بنا سکتا ہے۔
یہ انتباہ سوئیڈن میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
کیرولینسکا انسٹیٹوٹ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ نمک کھانا ذیابیطس کے شکار ہونے کا خطرہ دوگنا بڑھا دیتا ہے اور ان افراد میں یہ امکان چار گنا زیادہ ہوتا ہے جو جینیاتی طور پر اس مرض کے لیے آسان شکار ثابت ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیں : نمک کا زیادہ استعمال جان لیوا
تحقیق میں بتایا گیا کہ دن بھر میں صرف آدھا چائے کا چمچ اضافی نمک کھانا ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ 65 فیصد تک بڑھا دیتا ہے۔
اس تحقیق میں تین ہزار سے زائد افراد کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ زیادہ نمکین غذاﺅں کے عادی تھے، ان میں اس جان لیوا مرض کا امکان 72 فیصد زیادہ پایا گیا۔
اسی طرح تحقیق کے مطابق زیادہ نمک کھانا ذیابیطس ٹائپ ون کا خطرہ 82 فیصد زیادہ بڑھا دیتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ نمک کے استعمال اور ذیابیطس ٹائپ ٹو کے درمیان تعلق کی ہم تصدیق کرتے ہیں اور نمک کو زیادہ کھانا ذیابیطس ٹائپ ون کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد پونے چار کروڑ سے زائد ہے، جن میں سے بیشتر افراد کو اس کا علم ہی نہیں ہوتا۔
یہ بھی پڑھیں : نمک کا زیادہ استعمال دل کے لیے تباہ کن
عالمی ادارہ صحت نے دن بھر میں چھ گرام نمک کا استعمال صحت کے لیے بہتر قرار دیا ہے جبکہ اس سے زیادہ کھانا بلڈ پریشر اور دیگر امراض کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔
اس نئی تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل ڈائیبیٹولوجیا میں شائع ہوئے۔