سائنس و ٹیکنالوجی

گوگل کے نئے پکسل فونز کی رونمائی 4 اکتوبر کو

گزشتہ ماڈل کے ٹھیک ایک سال بعد یعنی چار اکتوبر 2017 کو گوگل پکسل کے نئے ورژن کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

کیا آئی فون ایکس (10) کے بارے میں سن سن کر تھک یا بیزار ہوگئے ہیں؟ کم از کم گوگل تو ضرور ہوگیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس نے چینجنگ فونز کی ٹیگ لائن کے ساتھ اپنا نیا پکسل اسمارٹ فون آئندہ ماہ سامنے لانے کا اعلان کیا ہے۔

4 اکتوبر 2016 کو اس کمپنی نے اپنے پہلے پکسل اور پکسل ایکس ایل کو متعارف کرایا تھا جو کہ پہلی ڈیوائسز تھی جو کہ گوگل کی اپنی تھیں اور ٹیگ لائن بھی یہی تھی پکسل فون بائی گوگل۔

اب ٹھیک ایک سال بعد یعنی چار اکتوبر 2017 کو گوگل پکسل کے نئے ورژن کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

گوگل کی نئی یوٹیوب ویڈیو میں اس کا عندیہ دیا گیا ہے اور اس حوالے سے مزید تفصیلات تو نہیں بتائیں مگر بہت زیادہ حیران کن وعدے ضرور کیے ہیں۔

مزید پڑھیں : گوگل پکسل 2 بھی بیزل لیس اسکرین کے ساتھ

یہ نئے پکسل اور پکسل ایکس ایل پہلے سے بہتر بیٹری، زیادہ اسٹوریج اور دیگر فونز کے مقابلے میں بہتر کیمرے کے ساتھ ہوں گے، کم از کم ویڈیو سے تو یہی عندیہ ملتا ہے۔

گوگل کا تو کہنا ہے کہ وہ آپ کو سمجھ بھی سکیں گے اور یہ یقیناً گوگل اسسٹنٹ کی جانب اشارہ ہے۔

جیسا آپ نیچے یوٹیوب ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ اس میں ایک سرچ کو دکھایا گیا ہے جس میں صارف پوچھتا ہے ' میرے فون کی بیٹری کے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟'، ' میرے فون میں اسٹوریج ہمیشہ ختم کیوں ہوجاتی ہے؟'، 'آخر میرا فون اتنی دھندلی تصویریں کیوں لیتا ہے' اور دیگر۔

تو گوگل یہ ظاہر کرنا چاہتا ہے کہ وہ اپنے نئے فونز سے ان تمام مسائل کو حل کرنے والا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : 2017 کے اب تک کے بہترین اسمارٹ فونز

ویسے سننے میں آیا ہے کہ یہ نیا فون اسنیپ ڈراگون 835 یا 836 پراسیسر کے ساتھ ہوگا، اسکیویز کنٹرول، 1440p اسکرین، فور جی بی ریم اور 128 جی بی سٹوریج۔

ایچ ٹی سی ممکنہ طور پر چھوتا پکسل ماڈل تیار کرے گی جبکہ ایل جی 6 انچ کے امولیڈ ایکس ایل ورژن کو تیار کرے گی۔

ویسے گوگل کو جس مسئلے پر قابو پانا چاہئے وہ ہے اس فون کی سپلائی کیونکہ گزشتہ سال کے پکسل کو خریدنے کے لیے تلاش کرنا اکثر افراد کے لیے لگ بھگ ناممکن ثابت ہوا تھا۔