سام سنگ فولڈ ایبل اسمارٹ فون 2018 میں؟
سام سنگ نے پہلی بار اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ 2018 میں فولڈ ایبل اسمارٹ فون متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
یہ بات سام سنگ کے موبائل بزنس کے صدر کوہ ڈونگ جن نے جنوبی کوریا میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران بتائی۔
انہوں نے بتایا کہ کمپنی کو کاغذ کی طرح فولڈ ہوجانے والے اسمارٹ فون کو متعارف کرانے میں کچھ مسائل کا سامنا ہے، تاہم انہوں نے ان مشکلات کی وضاحت نہیں کی۔
مزید پڑھیں : سام سنگ کے فولڈ ایبل فون حقیقت کا روپ دھارنے کے قریب
سام سنگ کی جانب سے کاغذ کی طرح مڑ جانے والے ڈسپلے پر کافی عرصے سے تجربات کیے جارہے ہیں اور کمپنی نے 2013 میں پہلی بار ایک لچکدار فون ڈسپلے کا پروٹوٹائپ پیش کیا گیا تھا۔
تاہم اس کے بعد سے ایسے ڈسپلے والے فون کی تیاری میں کمپنی کو مسلسل مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور ہر سال ان کے سامنے کی افواہیں سامنے آتی رہیں۔
مگر اب پہلی بار کمپنی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے توقع ظاہر کی ہے کہ 2018 میں یہ منفرد قسم کا اسمارٹ فون پیش کیا جاسکتا ہے۔
اس سے قبل 2016 میں سام سنگ نے اس حوالے سے ایک پیٹنٹ بھی رجسٹریشن کے لیے جمع کرایا تھا جس میں ایک فولڈ ایبل فون کا خاکہ دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : اصلی سام سنگ فون کی شناخت کیسے کریں؟
پیٹنٹ کے مطابق اس کے دونوں سیکشن میں دو اسکرینوں کی بجائے ایک سنگل اور لچکدار پینل رکھا جائے گا۔
اس فون کو کسی بھی جگہ سے فولڈ یا موڑا جاسکے گا تاہم ابھی اس حوالے سے کچھ واضح طور پر کہنا مشکل ہے۔