راولپنڈی: مسافر وین ٹرالر سے جا ٹکرائی، جھلس کر 14 افراد ہلاک
راولپنڈی کے قریب چکری انٹر چینج کے قریب مسافروں سے بھری وین سیمنٹ سے لدے ٹرالر سے جا ٹکرائی، حادثے کے بعد وین میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں جھلس کر 4 بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
ہائی ایس وین جھنگ سے راولپنڈی آرہی تھی کہ چکری انٹر چینج کے قریب ٹرالر سے ٹکرا گئی، جس کے بعد ہائی ایس وین میں آگ بھڑک اٹھی۔
وین میں آتشزدگی کے باعث 4 بچوں سمیت 14 مسافر جھلس کر جاں بحق ہوگئے جبکہ واقعے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے جس میں سے دو شدید زخمی خواتین کو انتہائی تشویشناک حالت میں راولپنڈی کے سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کی لاشیں نا قابل شناخت ہیں جس کے لیے ان کے ڈی این اے ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: بہاولپور: آئل ٹینکر میں آتشزدگی، 157 افراد ہلاک
موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہائی ایس وین میں سی این جی سلنڈروں کی وجہ سے آگ لگی اور اتنی بڑی تعداد میں جانیں ضائع ہوئیں۔
واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے موٹروے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ مسافروں سے بھری ہوئی ہائی ایس وین صبح سویرے جھنگ سے راولپنڈی کی جانب آرہی تھی کہ چکری انٹر چینج کے قریب ایک ٹرایلر جا ٹکرائی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ بظاہر ڈرائیور کے دوران سفر آنکھ لگ جانے کے باعث پیش آیا، تاہم اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد ہائی ایس وین میں آگ بھڑک اٹھی جس نے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور موقع پر ہی پانچ مسافر جھلس کرجاں بحق ہوگئے جبکہ اگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کے عملے کو طلب کیا گیا۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا تاہم اس وقت تک گاڑی میں سوار تمام مسافر جھلس چکے تھے جنھیں اسلام آباد کے پمز ہسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: میانوالی : ٹریفک حادثے میں 18 افراد ہلاک
موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ موقع پر جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل تھے جبکہ ایک بچہ کو زخمی حالت میں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر وہ دم توڑ گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ہسپتال پہنچنے والوں میں ایک بچہ، دو خواتین سمیت گیارہ مسافر شامل تھے جن میں 9 مسافروں کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق صرف ہائی ایس کے ڈرائیور کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی باقی کسی مسافر کی تفصیلات ابھی تک حاصل نہیں ہوپائیں۔
خیال رہے کہ رواں سال جون میں صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقے احمد پور شرقیہ میں نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر کے الٹنے کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔