لائف اسٹائل

کیا رانی مکھرجی اسکرین پر واپسی کیلئے تیار ہیں؟

بولی وڈ اداکارہ تین سالوں بعد فلم ’ہچکی‘ میں مرکزی کردار ادا کریں گی، لیکن کیا وہ اس کردار کو نبھا پائیں گی؟

بولی وڈ اداکارہ رانی مکھرجی طویل عرصے سے فلمی دنیا کے ساتھ ساتھ اپنے مداحوں سے بھی کافی دور تھیں، وہ نہ تو کسی تقریب میں نظر آتی اور نہ ہی وہ سوشل میڈیا پر موجود ہیں۔

اور یہی وجہ ہے کہ ان کے مداح اداکارہ کی ایک جھلک دیکھنے کو بےتاب رہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: رانی مکھرجی کی ’ہچکی‘ کے ساتھ واپسی

تاہم اب وہ اپنی نئی فلم ’ہچکی‘ کے ساتھ فلمی دنیا پر واپسی اختیار کررہی ہیں، لیکن کیا وہ اتنے سالوں بعد فلم میں ایک مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں؟

تو اس کا جواب اداکارہ کی نئی وائرل تصویر دے رہی ہے، جسے دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ اتنے سالوں بعد بھی وہ اتنی ہی دلکش اور خوبرو نظر آرہی ہیں جتنی اپنے فلمی دور میں دکھائی دیتی تھیں۔

رانی مکھرجی کی فلم ’ہچکی‘ کے لیے ان کا ایک فوٹو شوٹ کیا گیا جسے اب تک ریلیز نہیں کیا گیا ہے، تاہم اس کی ایک تصویر ان کے فوٹوگرافر نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر ریلیز کی۔

یہ بھی پڑھیں: رانی مکھرجی کے ہاں ننھی پری کی آمد

خیال رہے کہ رانی مکھرجی آخری مرتبہ 2014 میں ریلیز ہوئی فلم ’مردانی‘ میں کام کرتی نظر آئیں تھی، جس کے بعد انہوں نے اپنی شادی اور بیٹی کی پیدائش کے باعث فلمی دنیا سے دوری اختیار کرلی۔

ان کی فلم ’ہچکی‘ کی ہدایات سدھارتھ پی ملہوترا دے رہے ہیں، جب کہ پروڈکشن کا ذمہ ان کے شوہر ادتیہ چوپڑا کی کمپنی وائے آر ایف نے اٹھایا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رانی مکھرجی میں حیرت انگیز بدلاؤ

واضح رہے کہ رانی مکھرجی ان دنوں صرف اپنی نئی فلم ہی نہیں بلکہ نئے انداز کے باعث بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بن رہی ہیں۔

بیٹی ادیرا کی پیدائش کے بعد رانی نے کافی وزن بڑھا لیا تھا، تاہم اب وہ دوبارہ پہلے کی طرح فٹ نظر آتی ہیں۔