پاکستان

واقعی مومنہ مستحسن صرف ’آفریں آفریں‘ سے مشہور ہوئیں؟

میرا نام سنتے ہی لوگ سمجھتے ہیں کہ میں آفریں آفریں سے مشہور ہوئی، مومنہ مستحسن

ویسے تو نوجوان پاپ گلوکارہ مومنہ مستحسن کوک اسٹوڈیو کے دسویں سیزن کا بھی حصہ ہیں، لیکن حقیقی معنوں میں لوگ ان سے کوک اسٹوڈیو کے نویں سیزن سے باخبر ہوئے تھے۔

گلوکار راحت فتح علی خان کے ساتھ ’آفریں آفریں‘ گانے کے بعد لوگوں کی توجہ کا مرکز بننے والی مومنہ مستحسن نے اپنی کامیابی، اپنے مسائل اور مشکلات کے بارے میں پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے یکے بعد دیگرے ویڈیوز میں مومنہ مستحسن نے انکشاف کیا کہ انہوں نے کافی عرصے تک ’ڈپریشن‘ اور ’ بے چینی‘ جیسے مسائل کا سامنا کیا، لیکن لوگ سوچتے ہیں کہ وہ راتوں رات مشہور ہوئیں۔

مومنہ مستحسن نے ویڈیو میں واضح کیا کہ ان کا نام سنتے ہی لوگوں کے تاثرات بدل جاتے ہیں، اور وہ فورا یہ سمجھ لیتے ہیں کہ مومنہ مستحسن ’آفریں آفریں‘ سے مشہور ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: گلوکارہ مومنہ مستحسن 25 برس کی ہوگئیں

انہوں نے بتایا کہ ہر انسان کی طرح ان کی زندگی میں بھی مسائل آئے، اور انہوں نے ان کا بہادری سے ڈٹ کے مقابلہ کیا، اور ذہنی تناؤ، بے چینی، پریشانی اور مایوسی کو ختم کرکے ہی سکون کا سانس لیا۔

ویڈیو میں وہ بتاتی ہیں کہ مسلسل دن رات کی محنت اور لگن سے وہ اپنا مقام حاصل کرنے میں کامیاب گئیں، لیکن ان کی زندگی میں ایک ایسا وقت بھی تھا جب وہ خود کو آئینے میں دیکھنے سے بھی گھبراتی تھیں۔

خوبرو گلوکارہ نے بتایا کہ انہیں مسائل سے نکلنے میں ’فورچون کوکی‘ نامی کتاب نے مدد کی، لیکن وہ کتاب اس وقت ہی مددگار ثابت ہوتی ہے، جب آپ مسائل کو حل کرنا چاہیں۔

مومنہ مستحسن نے اپنی ویڈیوز میں واضح طور پر یہ نہیں بتایا کہ وہ کس وجہ سے ’ڈپریشن‘ یا ’ پریشانی‘ کا شکار تھیں۔

مزید پڑھیں: ’نوکرانی‘ کہنے پر مومنہ مستحسن کا کرارا جواب

تاہم ان کی گفتگو سے لگتا ہے کہ ان کا اشارہ لوگوں کے اس رویے یا سوچ کی جانب ہے، جس میں زیادہ تر لوگ یہ کہتے ہیں کہ مومنہ مستحسن کو’آفریں آفریں‘ گانے کی وجہ سے ہی شہرت ملی۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ مومنہ مستحسن کوک اسٹوڈیو سیزن 9 میں راحت فتح علی خان کے ساتھ ڈیبیو کرنے سے پہلے بھی گلوکاری کرتی تھیں، تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ لوگوں کے ذہنوں پر ان کا نام ’آفریں آفریں‘ گانے کے بعد گھر کر گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مومنہ مستحسن بھی رمضان ٹرانسمیشن کا حصہ

مومنہ مستحسن کی مسلسل محنت اور کامیابی کی وجہ سے ہی وہ آج کل ملک کی نامور نوجوان گلوکاروں میں شمار ہوتی ہیں، اور ان کے نہ صرف ملک بھر میں بلکہ بیرون ملک بھی ان کے مداح ہیں۔