کھیل

پاکستان، سری لنکا کرکٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان

سیریز کا آغاز 28 ستمبر کو ٹیسٹ مییچ سے ہوگا، سیکیورٹی سے مشروط آخری ٹی ٹوئنٹی لاہور میں کھیلا جائے گا، پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف رواں ماہ کے آخر میں شروع ہونے والی دو ٹیسٹ، 5 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان سیریز 28 ستمبر سے 29 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی اور پہلا ٹیسٹ ابوظہبی میں کھیلا جائےگا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی خدشات دور ہونے کی صورت میں سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی 29 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 6 اکتوبر کو شروع ہونے والا سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا جو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیں:سری لنکا اپنا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ پاکستان کے خلاف کھیلے گا

ایک روزہ سیریز کا آغاز 13 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا جس کے بعد دوسرا میچ 16 اکتوبر اور تیسرا میچ 18 اکتوبر کو شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

چوتھا اور پانچواں دونوں ایک روزہ میچ 20 اکتوبر اور 23 اکتوبر کو شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچ ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے تاہم پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے سلسلے میں ہونے والی ورلڈ الیون سیریز کے بعد آخری ٹی ٹوئنٹی لاہور میں رکھا گیا ہے جو سیکیورٹی سے مشروط ہے۔

یہ بھی پڑھیں:برے وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا ہے، تھیساراپریرا

یاد رہے کہ 2009 میں سری لنکا کی ہی ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس میں متعدد مہمان کھلاڑی بھی زخمی ہوئے تھے جس کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے۔

اس دوران زمبابوے اور افغانستان کی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا جبکہ رواں سال پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کا فائنل بھی لاہور میں کھیلا گیا تھا تاہم کوئی بڑی ٹیم اب تک پاکستان نہیں آئی۔

آئی سی سی کی جانب سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کے سلسلے میں مختلف ممالک کے مشہور کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ الیون آزادی کپ کے نام پر تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے لاہور آئے گی جس کا آغاز 12 ستمبر کو ہوگا۔