سائنس و ٹیکنالوجی

ایک ہزار ڈالرز کے آئی فون کا نام کیا ہوگا؟

ایک چیز اب بھی ایسی ہے جس کے بارے میں کسی بھی لیک یا رپورٹ میں کوئی حتمی بات سامنے نہیں آسکی اور وہ ہے اس کا نام۔

ایسا لگتا ہے کہ ایپل کے نئے آئی فون کے حوالے سے لگ بھگ تمام تر تفصیلات ہی لیک ہوکر سامنے آچکی ہیں جو کہ اگلے ہفتے (12 ستمبر) متعارف کرائے جانے والا ہے۔

مگر ایک چیز اب بھی ایسی ہے جس کے بارے میں کسی بھی لیک یا رپورٹ میں کوئی حتمی بات سامنے نہیں آسکی اور وہ ہے اس کا نام۔

ہر ایک اس نئے فون کو آئی فون 8 کہہ رہا ہے حالانکہ ابھی تک اس کا حتمی نام کسی کو معلوم نہیں۔

ویسے تو ایپل اس ایونٹ میں آئی فون سیون ایس اور سیون ایس پلس بھی پیش کرے گی مگر سب کی نظریں اس ڈیوائس کے دس سال مکمل ہونے پر متعارف کرائے جانے والے فون پر مرکوز ہے، جس کی قیمت بھی ایک ہزار سے 1200 ڈالرز کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں : آئی فون 8 کیسا ہوگا؟

اور یہی وجہ ہے کہ ممکنہ طور پر اس کا نام آئی فون کے روایتی ناموں سے ہٹ کر ہونے کا امکان ہے۔

اس حوالے سے مختلف نام منظرعام پر آرہے ہیں مگر یہ کہنا مشکل ہے کہ ان میں سے کونسا نام ہوسکتا ہے۔

جیسے کچھ حلقوں کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ چونکہ یہ دس سال مکمل ہونے پر متعارف کرایا جارہا ہے تو لہذا ایپل اس ڈیوائس کی 10 ویں سالگرہ پر اسے آئی فون ایکس (رومن ہندسوں میں 10) کا نام دے سکتی ہے، مگر اس وقت متعدد فونز ایسے موجود ہیں جنھیں ایکس کہا جاتا ہے۔

کچھ لوگوں کے خیال میں اسے آئی فون ایڈیشن کا نامدیا جاسکتا ہے کیونکہ ایپل خود اپنی ایپل واچ کو ایپل واچ ایڈیشن کا نام دے چکی ہے اور یہ نیا فون بھی آئی فون کا اعلیٰ ترین ورژن ہوگا۔

اور بیشتر افراد تو آئی فون ایٹ کو ہی فیورٹ سمجھ رہے ہیں مگر اس سے غیرروایتی آئی فون کو روایتی ٹچ مل جائے گا جس سے ایپل بچنے کی کوشش کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : آئی فون 8 سب سے مہنگا فون

جو نام زیادہ فیورٹ ہے وہ آئی فون پرو ہے کیونکہ ایپل اپنی میک بک اور آئی پیڈ ڈیوائسز کو ہائیر اینڈ ورژن کو پرو کا نام دے چکی ہے اور اب ایسا آئی فون سیریز کے لیے بھی ہوسکتا ہے۔

ویسے اس کا نام جو بھی ہو یہ فون بارہ ستمبر کو سامنے آنے کے باوجود جلد صارفین کے ہاتھوں میں نہیں آسکے گا کیونکہ ایپل کو اس کی تیاری کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے۔

سب سے پہلے تو او ایل ای ڈی کی سپلائی ایپل کے لیے مسئلہ بنی ہوئی ہے جس کے بعد دیگر تیکنیکی مسائل بھی کمپنی کو درپیش ہیں۔