لائف اسٹائل

خاتون صحافی کا قتل ’یہ میرا بھارت نہیں‘

یہ سن اور پڑھ کر افسوس ہوتا ہے کہ ایسے واقعات اور چیزیں بھارت میں ہوتی ہیں، آسکر ایوارڈ یافتہ گلوکاراے آر رحمٰن

آسکر ایوارڈ یافتہ اور کروڑوں لوگوں کے دلوں کو موسیقی کے سروں سے راحت بخشنے والے بھارتی موسیقار اے آر رحمٰن نے قتل کی گئی خاتون صحافی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ 55 سالہ گاوری لنکیش کو ریاست کرناٹک کے جنوبی شہر بنگلور میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ہتھیاربندوں نے 5 ستمبر کو قتل کردیا تھا۔

مقتول خاتون صحافی گاوری لنکیش فری لانس صحافی اور ایک میگزین ’لنکیش پترک‘ کی ایڈیٹر تھیں، رواں سال نومبر میں انہیں 2008 میں شائع کی جانے والی ایک خبر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رکن اسمبلی کو بدنام کرنے پر مجرم قرار دیا گیا تھا، ان کا شمار بائیں بازو کے صحافیوں میں ہوتا تھا۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق اپنی آنے والی فلم ’ون ہرٹ‘ کے پریمیئر کے موقع پر موسیقار اے آر رحمٰن نے گاوری لنکیش کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’حالیہ بھارت ان کے بچپن کا بھارت نہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: اے آر رحمٰن خیرسگالی سفیر

آسکر ایوارڈ یافتہ گلوکار کا کہنا تھا کہ’ انہیں یہ سن اور پڑھ کر افسوس ہوتا ہے کہ ایسے واقعات اور چیزیں بھارت میں ہوتی ہیں‘۔

اے آر رحمٰن نے کہا کہ ’وہ ترقی پسند اور نرم دل بھارت چاہتے ہیں، یہ ان کا ہندوستان ہے ہی نہیں، جو ان کے بچپن میں ہوتا تھاُ۔

اس موقع پر انہوں نے اپنی آنے والی میوزک کنسرٹ فلم ’ون ہرٹ‘ سے متعلق بھی بتایا۔

اے آر رحمٰن کے مطابق ’ون ہرٹ‘ ان کے 14 عالمی شہروں کے میوزک کنسرٹ کے واقعات پر بنائی گئی فلم ہے، انہوں نے یہ کنسرٹ شمالی اور لاطینی امریکی ممالک میں کیے تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی اداکاروں کی فلم میں اے آر رحمٰن کا گانا

’ون ہرٹ‘ میں وہ خود بھی نظر آٗئیں گے، فلم کو 8 ستمبر کو ریلیز کردیا گیا۔

اے آر رحمٰن کا کہنا تھا کہ ابھی وہ اتنے عمر رسیدہ بھی نہیں ہوئے کہ ان کی زندگی پر فلم بنائی جائے، تاہم انہیں خوشی ہے کہ ان کی زندگی پر جوانی میں ہی ایک فلم بنی۔