سلوواکیا میں پرانے موبائل فونز کا میوزیم
ڈوبسینا: بین الاقوامی مارکیٹ میں ہر ماہ نت نئے اسمارٹ فونز متعارف ہونے کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں سلوواکیا سے تعلق رکھنے والا ٹیکنالوجی کا شوقین ایک شخص ایسا بھی ہے جس نے لوگوں کو ماضی کی سیر کرانے کے لیے پرانے موبائل فونز کا میوزیم تیار کر رکھا ہے۔
اس میوزیم میں موبائل کی وہ بے شمار اشکال موجود ہیں جن سے ہوتے ہوئے اس وائر لیس ایجاد نے موجودہ جدید شکل اختیار کی۔
سلوواکیا سے تعلق رکھنے والے آن لائن مارکیٹنگ اسپیشلسٹ 26 سالہ اسٹیفن پولگاری کے پاس موجود کئی موبائل فونز ایسے بھی ہیں جو ریلیز کے وقت آج کے کمپیوٹرز سے مہنگے تھے اور لوگ انہیں خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے تھے۔
اسٹیفن پولگاری نے موبائل فونز اکھٹا کرنے کا آغاز دو سال قبل کیا اور اب ان کے پاس 1500 ماڈلز موجود ہیں جبکہ ان فونز کی نقول کو ملا کر یہ تعداد 3500 ہے۔
ڈوبسینا کے چھوٹے سے مشرقی شہر میں واقع اسٹیفن کے گھر کے دو کمرے اس میوزیم کے لیے مختص ہیں اور ان موبائل فونز کو دیکھنے کے خواہشمند افراد اپوائنٹمنٹ لینے کے بعد یہاں آسکتے ہیں۔