پاکستان

بینظیر قتل کیس: آصف زرداری فیصلے کےخلاف اپیل دائر کریں گے

سابق صدر نے سردار لطیف کھوسہ کو کیس میں اپنا وکیل مقرر کردیا اور وکالت نامے پر بھی دستخط کر دیئے، ترجمان پیپلز پارٹی
|

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بےنظیر بھٹو قتل کیس سے متعلق انسداد دہشت گردی کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔

پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی جانب سے فیصلے کے خلاف درخواست کرنے کا فیصلہ بلاول ہاؤس کراچی میں اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس کے دوران ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری بطور وارث عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔

سابق صدر نے سردار لطیف کھوسہ کو کیس میں اپنا وکیل مقرر کردیا اور وکالت نامے پر بھی دستخط کر دیئے۔

فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ذوالفقار علی بھٹو پھانسی کے ریفرنس میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے فریق بننے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’بےنظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ مایوس کن اور ناقابل قبول ہے‘

یہ ریفرنس آصف زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو پھانسی کا کیس دوبارہ کھولنے کے لیے اپنے دور صدارت میں سپریم کورٹ میں دائر کیا تھا۔

بلاول بھٹو، آصف زرداری کے ریفرنس میں شریک فریق بننے کی درخواست دیں گے، جس کے لیے انہوں نے سینیٹر فاروق ایچ نائیک کو اپنا وکیل مقرر کردیا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ، سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، یوسف رضا گیلانی، فریال تالپور، رحمٰن ملک اور شیری رحمٰن سمیت پیپلز پارٹی کے دیگر سینئر رہنما شریک تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بینظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 5 گرفتار ملزمان کو بری جبکہ سابق سٹی پولیس افسر (سی پی او) سعود عزیز اور سابق سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) خرم شہزاد کو مجرم قرار دے کر 17، 17 سال قید کی سزا اور مرکزی ملزم سابق صدر پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیا تھا۔

پیپلز پارٹی اور مرحومہ بےنظیر بھٹو کے بچوں نے بھی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔