آن لائن کاروبار: کم سے کم سرمایہ کاری زیادہ سے زیادہ منافع
آن لائن دنیا ایک بہت ہی وسیع جہاں ہے۔ صرف اسی لحاظ سے نہیں کہ یہاں آپ کو ہر قسم کی معلومات اور ہر طرح کی انٹرٹینمنٹ کا سامان میسر آتا ہے، بلکہ اس لحاظ سے بھی کہ یہ دنیا کی سب سے بڑی کاروبار کی مارکیٹ بھی ہے۔
دنیا کی کُل آبادی کا 50 فیصد حصہ اس وقت انٹرنیٹ استعمال کرتا ہے۔ لیکن ہمیں اس بات سے کیا فرق پڑتا ہے کہ کتنے لوگ انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں؟ ہمیں دراصل غرض اس بات سے ہے کہ لوگوں کی اتنی بڑی تعداد اگر ایک جگہ جمع ہو جائے تو کون سا ایسا کام ہے جو ممکن نہیں؟ کون سی ایسی چیز ہے جو یہاں بیچی نہیں جا سکتی؟ کون سا ایسا ہنر ہے جس کے بدلے میں اجرت اور معاوضہ حاصل نہیں کیا جاسکتا؟ اگر فہرست ترتیب دی جائے تو غالباً ایسی بہت کم ہی چیزیں مل سکیں گی جنہیں انٹرنیٹ پر نہیں بیچا جا سکتا۔
اگر آپ اس بات کو سمجھ جائیں تو آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ ہماری آف لائن دنیا کے مقابلے میں آن لائن انٹرنیٹ کی دنیا کا پھیلاؤ کس قدر زیادہ ہے اور آمدنی کو فروغ دینے یا آمدنی کی نئے سرے سے شروعات کرنے کے لیے انٹرنیٹ کا استعمال کیا اہمیت رکھتا ہے۔
پڑھیے: اپنا آن لائن کاروبار کیسے شروع کیا جائے؟
جو لوگ آن لائن پیسہ کمانے کی طرف آنا بھی چاہتے ہیں تو وہ ایک ویب سائٹ بنا کر سمجھتے ہیں کہ بس اب پیسے کی بارش ہونا شروع ہو جائے گی۔ وہ اس حقیقت سے بے خبر ہوتے ہیں کہ درست مارکیٹنگ حکمت عملی کے لیے کیا کچھ کرنا ضروری ہے۔ بہر حال اس وقت کا موضوع یہ ہے کہ آخر آن لائن کاروبار شروع ہی کیوں کیا جائے؟ ذیل میں چند بنیادی اور انتہائی اہم وجوہات کا ذکر کروں گا جو کسی بھی کاروبار کے لیے آن لائن موجودگی کو ضروری بناتی ہیں۔
کاروبار کا وسیع پھیلاؤ
یہ سب سے پہلا اور سب سے اہم فائدہ ہے جو آپ کو روایتی طرز کاروبار سے کبھی بھی حاصل نہیں ہو سکتا۔ اگر آپ کسی دکان کے مالک ہیں، یا دکان کھولنے کا سوچ رہے ہیں تو ایک لمحے کے لیے تصور کیجیے کہ ایک دکان کی رسائی کہاں اور کس حد تک ہو سکتی ہے؟
ایک بات تو طے ہے کہ آپ کی دکان ایک محدود علاقے کے خریداروں کی ضروریات پوری کر سکتی ہے۔ اب فرض کیجیے کہ اگر آپ کی دکان کسی بڑے اور چلتے ہوئے علاقے میں ہے، اور علاقے کی کُل آبادی پانچ لاکھ ہے (اتنی بڑی تعداد عمومی طور پر ممکن نہیں ہوتی) آپ کیا گمان کر سکتے ہیں کہ ان پانچ لاکھ میں سے آپ کے ماہانہ خریدار کتنے ہو سکتے ہیں؟
ایک بہت ہی معمولی سا عدد فرض کریں تو جواب آتا ہے "ایک فی صد" جو کہ پانچ ہزار افراد پر مبنی ہوگا۔ لیکن یہ ایک آئیڈیل حالت ہے جو ہزاروں میں سے کسی بھی کامیاب دکان کو نصیب نہیں ہوتی۔ تاہم جب آپ آن لائن مارکیٹ میں آتے ہیں تو آپ کے خریدار اب کسی علاقے تک محدود نہیں رہتے۔ اس لیے خریداروں کی شرح کئی گنا تک بڑھ جاتی ہے۔
پڑھیے: بھائی یہ ویب سائٹ کیسے بنتی ہے؟
اسے یوں سمجھیے کہ آپ کی کاروباری ویب سائٹ پر ایک ماہ میں 10 لاکھ لوگ آتے ہیں، اب اگر ان 10 لاکھ لوگوں میں سے 5 لاکھ لوگ آپ کے خریدار بنتے ہیں تو یہ کسٹمر کنورژن کی شرح کہلائے گی۔ یہاں سے معلوم ہوتا ہے کہ آف لائن کاروبار چاہے کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو جائے، اس کی رسائی بہت محدود ہوتی ہے۔
منافع کے تناسب میں حیران کن زیادتی
آن لائن کاروبار کا دوسرا اور اتنا ہی اہم تر فائدہ یہ ہے کہ آف لائن کاروبار کے مقابلے میں منافع کا تناسب سیکڑوں گنا زیادہ ہو جاتا ہے۔
اگر آپ ایک آف لائن کاروبار کرتے ہیں جو کہ ماہانہ قریب دس لاکھ روپے کے سرمائے سے ایک لاکھ روپے کا منافع دے رہا ہے تو اس میں سرمایہ کاری کا معمولی سے معمولی حساب کیجیے۔ سب سے پہلی چیز دکان کا خرچہ، جو یا تو کرائے پر ہوگی یا اپنی ہوگی۔ دونوں صورتوں میں یہ ایک مستقل اور بڑی سرمایہ کاری ہے۔
اس کے بعد بجلی یا گیس کا ممکنہ خرچہ۔ گھر سے لے کر دکان تک آنے اور جانے کا روزانہ کا خرچ اور دیگر اخراجات کو جمع کیا جائے تو مثالی صورتحال میں ماہانہ ہزاروں روپے کی سرمایہ کاری کے بعد آپ کے منافع کی شرح کبھی بھی پچاس فیصد سے زیادہ نہیں بڑھ سکتی۔
مطلب اگر آپ نے ایک لاکھ روپے کا سرمایہ لگایا ہے تو حد سے زیادہ کامیاب کاروبار بھی آپ کو پچاس ہزار روپے سے زیادہ منافع نہیں دے سکتا، اور اگر دے بھی رہا ہے تو کسٹمر کنورژن ریٹ اتنا کم ہوگا کہ آپ دولت مندی کے خواب کو کبھی پورا نہیں کرسکیں گے کیونکہ آپ کی رسائی بہت کم ہے۔
پڑھیے: اپنی تخلیق سے انٹرنیٹ پر پیسے کمائیں
اس کے برعکس آن لائن کاروبار میں منافع کی شرح سینکڑوں فی صد تک ہوسکتی ہے، کیونکہ نہ تو آپ کا کوئی مستقل دکان کا خرچہ ہے، نہ دیگر اخراجات جو ایک آف لائن کاروبار میں ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ مارکیٹنگ اپنے کاروبار کے پھیلاؤ کا ایک سستا اور مؤثر ترین راستہ ہے۔ جب کہ آف لائن مارکیٹنگ کی تاثیر انتہائی کم اور خرچہ انتہائی زیادہ ہے۔ دوسری طرف یہ کہ کاروبار کے پھیلاؤ کی کوئی حد مقرر نہیں۔
وقت کی قید سے آزادی
یہ بھی ایک اہم نکتہ ہے کہ آن لائن کاروبار میں وقت کی آزادی سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے کیونکہ آپ کے کاروبار کے لیے کوئی مخصوص وقت مقرر نہی ہوتا۔ آپ گھر بیٹھ کر بھی کاروبار چلا سکتے ہیں، اور کہیں کسی ہوٹل یا ریسٹورنٹ سے بھی۔
رات کو دو بجے بھی آپ کے گاہک آپ کو ڈھونڈتے ہوئے آپ کے آن لائن کاروبار تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں اور صبح ناشتے سے پہلے بھی۔ گویا 24 گھنٹے کا کاروبار اور کسٹمر کنورژن کے انتہائی مؤثر طریقے آن لائن مارکیٹ میں آپ کے کاروبار کے لیے مؤثر ہیں جنہیں اگر آپ نظر انداز کر رہے ہیں تو یقیناً آپ خود ہی اپنے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں۔
آخر میں گزارش صرف اتنی ہے کہ جو لوگ ابھی تک اپنے کاروبار کو آن لائن جہان میں نہیں لائے وہ لوگ اب جلد از جلد آن لائن دنیا سے اسفادہ کریں تاکہ حالیہ معاشی بحران سے لڑنے کے لیے اور گھروں کے چولہے جلائے رکھنے کے لیے آمدنی اور وسائل کے وسیع تر امکانات علم میں آئیں۔
مزمل شیخ بسمل طب کے طالب علم ہونے کے ساتھ یوٹیوبر، بلاگر سوشل میڈیا مارکیٹر ہیں۔ انٹرنیٹ مارکیٹنگ، بلاگنگ اور آن لائن کاروبار پر اپنی تحقیقات اور تجربات پر مبنی تحریریں فیس بک پیجپر شائع کرتے رہتے ہیں۔
ان کی وڈیوزیہاںدیکھیے
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔