گلوکارہ مومنہ مستحسن 25 برس کی ہوگئیں
کوک اسٹوڈیو کے نویں سیزن سے شہرت حاصل کرنے والی خوبرو پاکستانی گلوکارہ مومنہ مستحسن 25 برس کی ہوگئیں۔
پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پیدا ہونے والی گلوکارہ نے 2016 میں راحت فتح علی خان کے ساتھ کوک اسٹوڈیوسیزن 9 سے ڈیبیو کیا تھا۔
راحت فتح علی خان کے ساتھ گائے گئے گانے ’آفریں آفریں‘ سے شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ کوک اسٹوڈیو کے دسویں سیزن کا بھی حصہ ہیں۔
مومنہ مستحسن وہ پہلی گلوکارہ ہیں، جنہوں نے کوک اسٹوڈیو کے ڈیبیو میں ہی 3 گانے گائے، جب کہ وہ مسلسل دو سیزن کا حصہ بننے والی نئی گلوکارہ بھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مومنہ مستحسن کا اڑتے جہاز میں پرفارمنس کا مظاہرہ
کوک اسٹوڈیو سے قبل مومنہ مستحسن نے موسیقار فرحان سعید کے ساتھ ’پی جاؤں بھی کیا‘، بعد ازاں انہوں نے جنون گروپ کے ساتھ بھی کام کیا، لیکن انہیں شہرت کوک اسٹوڈیو کے ’آفریں آفریں‘ سے ملی۔
کوک اسٹوڈیو کے دسویں سیزن میں مومنہ مستحسن نے گلوکارعلی ظفر کے چھوٹے بھائی دانیال ظفر کے ساتھ گانا گایا، جسے اب تک 40 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔
مزید پڑھیں: ’نوکرانی‘ کہنے پر مومنہ مستحسن کا کرارا جواب
مومنہ مستحسن کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے زمین کی سطح سے 37 ہزار فٹ کی بلندی پراڑتے جہاز میں بھی پرفارمنس کی۔
یہ بھی پڑھیں: مومنہ مستحسن اسلام آباد یونائیٹڈ کی سفیر مقرر
انہوں نے پاکستان کے 70 ویں جشن آزادی کے موقع پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں ملی نغمہ گایا تھا۔