آنکھ میں کچھ چلا جائے تو کیا کرنا چاہئے؟
جب کوئی چیز آنکھ میں چلی جائے جیسے مٹی، بال یا کوئی ننھا ذرہ، تو کیسی بے چینی ہوتی ہے اور کسی کام پر توجہ اس وقت تک مرکوز نہیں ہوپاتی جب تک اسے باہر نہ نکال دیا جائے گا۔
اور یہ بہت ضروری ہے کہ جو چیز بھی آنکھ میں جائے اسے باہر نکالا جائے۔
تکلیف دہ ہونے کے ساتھ ساتھ آنکھ میں کچھ جانا انفیکشن کا خطرہ بھی بڑھا دیتا ہے، تاہم ایسی صورت میں کیا کرنا یا نہیں کرنا چاہئے وہ ضرور جان لیں۔
مزید پڑھیں : آنکھیں شریانوں کے امراض کی کھڑکیاں؟
جلد بازی نہ کریں
جب کوئی چیز آنکھ میں جاتی ہے تو سب سے پہلے تو آنکھوں کو مسلنے کا ہی خیال آتا ہے، تاہم طبی ماہرین کے مطابق ایسا کریں تو انتہائی نرمی سے کریں اور وہ بھی بہت احتیاط سے، پہلے اپنے ہاتھ صابن سے دھوئیں اور نرمی سے آنکھوں پر انگلیاں ملیں۔ اگر آپ سختی سے یہ کام کریں گے تو یہ آنکھوں کے کسی تکلیف دہ مرض کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ اگر کوئی بڑی چیز آنکھ میں جائے یا جس کی دھار تیز ہو تو اسے نکانے کی کوشش نہ کریں بلکہ ڈاکٹر سے فوری رجوع کریں۔
ہاتھ سے مت نکالیں
ہاتھ کی ایک غلط حرکت آنکھ میں انجری کا باعث بن سکتی ہے، متاثرہ آنکھ کو پٹی سے ڈھانپ دیں اور ڈاکٹر سے رجوع کریں، اگر کیمیکل گیا ہے تو فوری طور پر آنکھ کو پانی سے دھوئیں۔
پانی سے مدد لیں
طبی ماہرین کے مطابق پانی کی دھار سے بھی اکثر آنکھوں میں جانے والے ذرات باہر نکل جاتے ہیں، اپنی آنکھ کو بالٹی میں ڈبو دیں یا شاور کھول کر اس کے نیچے کھڑے ہوجائیں گے۔ اسی طرح صاف پانی سے بھرا آئی ڈراپر بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
ڈاکٹر سے رجوع کریں
طبی ماہرین کے مطابق لوگ جو سب سے بڑی غلطی کرتے ہیں وہ یہ ہے کہ آنکھوں میں جانے والے ذرات کو کافی دیر تک نظر انداز کرنا، اگر آپ کو آنکھ کے اندر کچھ محسوس ہورہا ہے اور وہ باہر نہیں آرہا تو ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ جتنی دیر تک وہ چیز آنکھ میں رہے گی اتنا ہی قرینے کو نقصان پہنچنے یا انفیکشن کا خطرہ بڑھے گا۔ اگر تکلیف یا آنکھوں میں سرخی کی شکایت ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے۔